شہر کے اطراف 4 سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس ، چیف منسٹر عنقریب سنگ بنیاد رکھیں گے
حیدرآباد۔18۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے کوٹھی میں واقع ڈائرکٹوریٹ آف میڈیکل ایجوکیشن کیمپس میں عصری آلات سے لیس ایمبولنس سرویس کا افتتاح کیا۔ ہونڈائی کمپنی کی جانب سے یہ ایمبولنس گاڑیاں تیار کی گئی ہیں۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ 1.41 کروڑ کے خرچ سے 7 ایمبولنس گاڑیوں کی خدمات کا آغاز کیا گیا ہے۔ چار ایمبولنس گاڑیوں میں لائف سپورٹ سسٹم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہاسپٹلس کے لئے یہ ایمبولنس گاڑیاں الاٹ کی جائیں گی ۔ انہوں نے کورونا کی صورتحال میں ایمبولنس گاڑیوں کی فراہمی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ہونڈائی کمپنی کے ذمہ داروں سے اظہار تشکر کیا۔ ہریش راو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت سرکاری دواخانوں میں علاج کی عصری سہولتیں فراہم کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ ریاست میں 108 ایمبولنس گاڑیوں کی تعداد 429 ہے۔ مزید گاڑیوں کے آغاز کے لئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ دیہی علاقوں میں مریضوں کو فوری طبی امداد کے لئے دواخانہ منتقل کرنے میں مدد ملے۔ وزیر صحت نے کہا کہ قدیم ایمبولنس گاڑیوں کی جگہ نئی عصری سہولتوں کے ساتھ گاڑیوں کو شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت سے متعلق تمام شعبہ جات کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے مضافات میں چار سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس سرکاری سطح پر قائم کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ان ہاسپٹلس کے تعمیری کاموں کا عنقریب سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ گاندھی ہاسپٹل میں کیاتھ لیاب کی خدمات بحال کرنے کیلئے عہدیداروں کو ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وباء کے دوران حکومت نے سرکاری دواخانوں میں عوام کیلئے علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرکاری دواخانوں میں عصری آ لات کی فراہمی کیلئے بھاری بجٹ مختص کیا ہے۔ ر