عطا پور سنسنی خیز قتل کیس کے 8 ملزمین گرفتار

   

جائیداد کی فروخت اور رقمی لین دین پر اختلافات پر انتقام
حیدرآباد۔/2ستمبر، ( سیاست نیوز) پولیس راجندر نگر نے سنسنی خیز قتل کیس کے معاملہ کو حل کرلیا اور 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز 25 سالہ بالرام راہول سنگھ کا عطا پور علاقہ میں جم سے واپسی کے دوران سیلر میں قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ایک سازش کے تحت کرایہ کے قاتلوں کے ذریعہ راہول سنگھ کے پارٹنرس نے قتل کروایا۔ ڈی سی پی راجندر نگر جگدیشور ریڈی نے بتایا کہ جائیداد کی فروخت اور رقمی لین دین کے معاملہ میں راہول سنگھ کا قتل کیا گیا۔ راہول سنگھ اس کے شریک حصہ داروں ونود سنگھ 25 سالہ اور 27 سالہ گوپی کشن سنگھ عرف راجہ سنگھ ساکنان عید گاہ علیجاپور شیخ پیٹ کو ان کا حصہ دینے سے انکار کررہا تھا اور ان کے درمیان سخت رسہ کشی چل رہی تھی۔ راہول سنگھ کی جانب سے ان دونوں کے حصہ کی 60 لاکھ روپئے رقم دینے سے مقتول نے صاف طور پر انکار کردیا تھا جس کے بعد انہوں نے ایک رئیل اسٹیٹ بروکر اکبر کے ذریعہ مبینہ طور پر راہول کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور اکبر سے 15 لاکھ روپیوں میں معاہدہ طئے کیا گیا اور 10 لاکھ روپئے بطور پیشگی ادا کردیئے گئے۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ اس قتل کیس میں ونود سنگھ ، راجہ سنگھ کے علاوہ 45 سالہ اکبر ، 30 سالہ سید شہباز ساکنان پیراماونٹ کالونی ٹولی چوکی،24 سالہ سید عرفان حکیم پیٹ کنٹہ، 30 سالہ سید محبوب ساکن ہوٹل ٹولی چوکی، 25 سالہ محمد ماجد کشن باغ اور 28 سالہ محمد افسر پاشاہ ساکن ایم ڈی لائن ٹولی چوکی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 25ہزار روپئے نقد رقم ، ایک کوالیس ، ایک اسکوٹی گاڑی اور خنجر ، پیپر اسپرے اور موبائیل فونس کو ضبط کرلیا۔ع