عمان میں عیدالفطر کی ہر تقریب پر پابندی عائد

,

   

مسقط۔19 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) عمانی حکومت نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی۔ عید کی نماز اور عید ملن تقریباب سمیت کسی بھی قسم کا پروگرام منعقد نہیں کیاجاسکتا۔کورونا وائرس سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کی خاطرعمانی پولیس کو خصوصی احکامات صادر کر دیئے گئے ہیں تاکہ وہ عوامی مقامات پر نظر رکھیں۔ خلاف ورزی کرنیوالوں کوقید اور جرمانے کی سزا کا بھی حکم صادر کردیاگیاہے۔عمانی نیوز ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قائم کی جانے والی کمیٹی کی سفارش پر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عید الفطر کے حوالے سے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے لاک ڈاون اٹھایا جائے تاہم عوامی مقامات پر کسی بھی خلاف ورزی کے مرتکب پر فوری جرمانے عائد کیے جائیں۔عمان میں کورونا کمیٹی کی جانب سے عید الفطر کے حوالے سے مزید اعلانات کیے جائیں گے تاکہ ان پر عمل کرتے ہوئے لوگ عید کی خریداری کرسکیں۔ مارکیٹنگ کے لیے مقررہ قوانین کی خلاف ورزی پر قید اور جرمانے کی سزا کا بھی اعلان کیا جائے گا۔کمیٹی نے کہا ہے کہ عوامی مقامات پر آنے والے لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں۔تجارتی اور نقل وحمل کے شعبے سے منسلک افراد پر بھی اس پابندی کا اطلاق لازمی ہوگا۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے عمان میں بھی کرفیو اور لاک ڈاؤن لگا ہوا ہے ۔علاوہ ازیں حکام کی جانب سے عوام کو ہدایت جاری کی جارہی ہیں اور اس پر سختی سے عمل کروانے کے اقدامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جارہی ہے۔