عمران خان فرضی حکومت سے چھٹکارہ پانے کا وقت آگیا ہے

   

اسلام آباد میں اپوزیشن قائدین کی ریالی ، شہباز شریف ، مولانافضل الرحمن ،بلاول بھٹو اور دیگر کا خطاب
اسلام آباد ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے اپوزیشن قائدین نے وزیراعظم عمران خان کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے جمعہ کو ایک پرعزم مہم کا آغاز کیا اور کہا کہ اب وقت آ گیا ہیکہ ان کی ’فرضی‘ حکومت سے نجات حاصل کی جائے جو 2018ء کے انتخابات ’بدترین بوگس رائے دہی‘ کے ذریعہ اقتدار پر آئی تھی۔ غیرمعمولی تشہیرشدہ ’آزادی مارچ‘ کی قیادت دائیں بازو کے بااثر پاکستانی عالم دین مولانا فضل الرحمن نے جمعیت العلمائے اسلام ۔ فضل (جے یو آئی ۔ فضل) نے کی۔ یہ ریالی جو چہارشنبہ کو لاہور میں شروع ہوئی تھی صوبہ سندھ سے گزرتی ہوئی جمعرات کو اپنے مقررہ مقام اسلام آباد پہنچی۔ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ (نواز)، پاکستان پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر جماعتوں کے سرکردہ قائدین نے اس مارچ میں حصہ لیا جو وزیراعظم عمران خان کی زیرقیادت پاکستان تحریک انصاف حکومت کی بیدخلی کیلئے نکالا گیا تھا۔ پی این ایل (ن) کے صدر شہباز شریف نے ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اب وقت آیا گیا ہیکہ اس فرضی حکومت سے چھٹکارا پالیا جائے۔ ہم عمران خان نیازی کو اس وقت تک آزاد گھومنے کی اجازت نہیں دیں گے جب تک پاکستان ان سے نجات حاصل نہیں کرلے گا۔ شہباز شریف کے حوالہ سے روزنامہ ڈان نے لکھا کہ ’’اگر ہمیں موقع دیا گیا تو مشترکہ اپوزیشن کے ساتھ ہم پاکستان کی معیشت کو اندرون چھ ماہ مستحکم بنادیں گے ورنہ آپ بھی مجھے ’’عمران خان نیازی‘‘ کے نام سے پکارے۔ اے این پی کے لیڈر افتخار حسین نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گی جب تک تحریک انصاف کی زیرقیادت حکومت کو اس کے گھر نہیں بھیج دیا جاتا۔