عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا ادخال

   

اسلام آباد : پاکستان کی اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد داخل کروا دی ہے۔منگل کو مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کے اراکین اسمبلی نے اسپیکر کے دفتر میں تحریک عدم اعتماد جمع کروائی۔ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان میں مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب پیپلزپارٹی کی شازیہ مری اور جے یو آئی کی شاہدہ اختر علی اور عالیہ کامران شامل تھے۔اپوزیشن ارکان نے اجلاس کی ریکوزیشن اور تحریک عدم اعتماد ایک ساتھ جمع کرائی۔گذشتہ اتوار کو میلسی میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن پارٹیوں اور رہنماؤں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ان کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ 25 سال پہلے سیاست میں ان کا مقابلہ (اپوزیشن) کرنے کے لئے آئے تھے۔ ’ان کا مقابلہ کروں گا میری تیاری پوری ہے۔عدم اعتماد لانے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ جو کچھ کرنا ہے کریں لیکن جب عدم اعتماد ناکام ہوگی تو جو میں آپ کے ساتھ کیا کروں گا آپ اس کے لیے تیار ہیں؟‘اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک لانے کے لئے کئی دنوں سے مشاورت جاری تھی ۔