عمرہ زائرین کی حفاظت اولین ترجیح

,

   

سعودی حکومت کے تمام ادارے احتیاطی اقدامات میں مصروف : وزیر حج کا بیان

جدہ : سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے کہا کہ عمرہ زائرین کی صحت، سلامتی اور حفاظت سعودی عرب حکومت کی اولین ترجیحات ہیں ۔ عمرہ سے متعلق آن لائین سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی حکام عمرہ زائرین کی حفاظت کے معاملہ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔ ان کی صحت کا بھرپور خیال رکھنے کی ٹھوس کوشش کی جارہی ہے ۔ حرمین شریفین پریسیڈنسی کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس اور ڈپٹی وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتح مسحط بھی اس سمینار میں شریک تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عمرہ کے آغاز کے بعد سے سعودی حکومت کے تمام ادارے زائرین کی حفاظت کیلئے دن رات کام کررہے ہیں ۔ جن زائرین نے توکلنا ایپ کے ساتھ خود کو رجسٹرڈ کیا ہے ان کے سفر عمرہ اور عبادات کو آسان بنانے ان کی صحت پر نظر رکھنے کیلئے کام کیا جارہا ہے ۔ حرم شریف اور روضہ مبارک کی زیارت کیلئے آنے والوں کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے تمام ضروری و احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ ان زائرین میں اگر کووڈ۔19 کے اثرات دکھائی دیں تو ان پر توجہ دی جائے گی ۔ وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح نے کہا کہ عالمی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی عمرہ کا آغاز کیا گیا ہے ۔ عمرہ زائرین کی محدود تعداد پر نظرثانی کرنا خارج از امکان نہیں ہوسکتا ۔ وقت آنے پر عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا ۔ ساری دنیا میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ہی آئندہ قدم اٹھایا جائے گا ۔ وزارت صحت کے ساتھ ہم نے رابطہ برقرار رکھا ہے ۔ اگر ہمیں خطرہ کا احساس ہو تو فوری طور پر ہم اپنا منصوبہ تبدیل کردیں گے ۔