عمر کالونی پہاڑی شریف میں نوجوان کا قتل

   

حیدرآباد ۔ 9 مارچ (سیاست نیوز) پہاڑی شریف کے علاقہ عمر کالونی میں قتل کی سنگین واردات پیش آئی جہاں نامعلوم قاتلوں نے درگاہ کے احاطہ میں ایک نوجوان کا قتل کردیا جس کی شناخت 36 سالہ عثمان کی حیثیت سے کرلی گئی۔ اطلاع کے بعد عمر کالونی اور آس پاس کے علاقوں میں سنسنی پیدا ہوگئی اور پولیس کے اعلیٰ عہدیدار مقام واردات پہنچے اور ضابطہ کی کارروائی کے بعد نعش کو ہاسپٹل متنقل کردیا۔ پولیس نے ڈاگ اسکواڈ اور کلوز ٹیم کو طلب کرتے ہوئے تحقیقات انجام دی اور مقام واردات سے شواہد کو اکھٹا کیا۔ انسپکٹر پہاڑی شریف گرواریڈی نے بتایا کہ مقتول عثمان کالاپتھر علاقہ کا روڈی شیٹر تھا جو گذشتہ چند عرصہ سے عمر کالونی میں رہتا تھا۔ آج دوپہر کے وقت درگاہ کے احاطہ میں عثمان کا قتل کردیا گیا۔ گلہ کاٹنے کے بعد متعدد وار کئے گئے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پولیس کو نواز نامی شخص پر شبہ ہے جس کا گاڑی کے مسئلہ پر عثمان سے تنازعہ چل رہا تھا۔ پہاڑی شریف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور قاتلوں کی تلاش کیلئے ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ع