عوامی آواز سے سوریا نگر میں تقریباً 4 کروڑ کے VDCC سڑکوں کے کام

   

حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( راست ) : شیخ پیٹ کے سوریا نگر کالونی میں مقامی عوام اور نمازیوں کے دیرینہ شہری مسائل کے حل کیلئے جناب آصف حسین سہیل کی جانب سے مسلسل نمائندگی اور پیروی کے نتیجہ میں تقریباً 4 کروڑ روپے مالیتی متعدد VDCC سڑکوں کے کام مکمل کئے گئے ہیں، جبکہ مسجدِ نور کے قریب VDCC سڑک کے کام کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ مقامی عوام کے مطابق ان کے دیرینہ مسائل پر تقریباً 20 سال بعد توجہ دی گئی۔ جناب آصف حسین سہیل نے آر وی کرنن، آئی اے ایس ، کمشنر جی ایچ ایم سی ، پی اودے کمار، آئی اے ایس ، زونل کمشنر، وجئے کمار، SE، سابق SE سرینواس ریڈی اور جی ایچ ایم سی گولکنڈہ زون کے عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ انہوں نے مقامی عوام اور نمازیوں کے مسائل کو سمجھتے ہوئے ترقیاتی کاموں میں تعاون کیا۔ مقامی عوام نے بھی آصف حسین سہیل سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سڑکوں، نئی پانی اور سیوریج لائنوں، پارکس اور کھیل کے میدانوں جیسے شہری مسائل کو مسلسل متعلقہ حکام کے سامنے پیش کرتے رہے ہیں اور عوام کیلئے دستیاب رہے ہیں۔ اس موقع پر آصف حسین سہیل نے کہا کہ عام آدمی کو اپنے شہری مسائل کیلئے آواز اٹھانی چاہیے اور اس انتظار میں نہیں رہنا چاہیے کہ سیاست داں ان کی نمائندگی کریں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ GHMC انتخابات کے دوران سوریا نگر میں NOTA مہم بھی چلائی گئی تھی۔ مقامی عوام کی جانب سے یہ مہم شہری مسائل کو اجاگر کرنے اور” No Development, No Tax “کا پیغام دینے کیلئے چلائی گئی تھی۔ آصف حسین سہیل جوبلی ہلز حلقہ کالونیز فورم کے صدر ہیں، جس میں 400 سے زائد کالونی ایسوسی ایشنز اور بستی کمیٹیاں شامل ہیں۔ وہ سوریا نگر کالونی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔