عوام مودی حکومت سے بیزار، کانگریس حکومت کی تشکیل یقینی

   

رکن راجیہ سبھا رینوکا چودھری کادعویٰ، وعدوں پر عمل آوری کیلئے ریونت ریڈی کی ستائش

حیدرآباد۔/21 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سے کانگریس کی نومنتخب رکن راجیہ سبھا رینوکا چودھری نے کہا کہ ملک میں کانگریس حکومت کی واپسی کا عوام نے فیصلہ کرلیا ہے اور راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا میں لاکھوں افراد شرکت کررہے ہیں۔ رینوکا چودھری نے گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرنے پر صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر کانگریس قائدین سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے ان کی امیدواری کی تائید کی تھی۔ رینوکا چودھری نے کہا کہ راجیہ سبھا کی رکنیت ان کیلئے نئے عہدہ سے زیادہ نئی اضافی ذمہ داری ہے۔ وہ رکن راجیہ سبھا کی حیثیت سے ملک بھر میں کانگریس کے استحکام کیلئے کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی الیکشن سسٹم کو دھاندلیوں کے ذریعہ عوام میں مشکوک بناچکی ہے۔ چندی گڑھ میں میئر الیکشن میں دھاندلیوں پر سپریم کورٹ کو مداخلت کرنی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں الیکشن سسٹم کی سخت نگرانی کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزراء عوام کو گمراہ کرتے ہوئے حکومت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ رینوکا چودھری نے کہا کہ ملک میں عوام بی جے پی سے عاجز آچکے ہیں اور راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کو غیرمعمولی عوامی تائید حاصل ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے خواتین کی بھلائی کیلئے کئی اقدامات کئے۔ دو اہم وعدوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر اور 200 یونٹ مفت برقی سربراہی پر عنقریب عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی ہمدردی کا دعویٰ کرنے والی مودی حکومت دہلی کی سرحد پر کسانوں کے ساتھ ظالمانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔ رینوکا چودھری نے کھمم لوک سبھا نشست سے کانگریس کی بھاری اکثریت سے کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تین وزراء کی مساعی سے یہ نشست کانگریس کے قبضہ میں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کی صلاحیت رکھنے والے قائد کو کانگریس ہائی کمان ٹکٹ دے گا۔1