پچھلے دروازے سے کوشش کرنے والوں کو وارننگ ، گاندھی بھون میں پارٹی قائدین و کارکنوں سے خطاب
حیدرآباد ۔ 7 مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے قائد راہول گاندھی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس اور ٹی آر ایس کے درمیان جنگ رہے گی۔ تلنگانہ چیف منسٹر کے سی آر کے پاس دولت اور پولیس ہے مگر عوام نہیں ہے۔ تلنگانہ کو ایک مثالی ریاست میں تبدیل کرنے کیلئے پارٹی کے قائدین کو کمربستہ ہوجانے کا مشورہ دیا۔ کانگریس قائدین کے اتحاد اور مشترکہ کوشش کی وجہ سے ورنگل کا جلسہ عام کامیاب ہوا ہے۔ اس کیلئے وہ تمام قائدین سے اظہارتشکر کرتے ہیں۔ گاندھی بھون میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ میرٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے۔ عوام اور کسانوں کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کو ٹکٹ دیا جائے گا۔ کتنا بھی سینئر قائد کیوں نہ ہو پارٹی کیلئے کام نہ کرنے پر ٹکٹ سے محروم کردیئے جائیں گے۔ حیدرآباد میں بیٹھ کر دہلی میں لابنگ کرنے والوں کو ہرگز ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔ ٹکٹ حاصل کرنا ہو تو قائدین کو حیدرآباد چھوڑ کر دیہاتوں کا رخ کرنا پڑے گا۔ پچھلے دروازے سے ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے امیدیں اور توقعات ختم کرلیں۔ ٹکٹ الاٹ کرنے سے قبل ہر امیدوار کے بارے میں سروے کرایا جائے گا۔ ورنگل ڈیکلریشن کے بارے میں ہر کارکن کسانوں کو واقف کرائے۔ ہر چھوٹا بچہ بھی اس سے واقف ہونا چاہئے۔ ورنگل کے جلسہ عام میں کیا گیا اعلان صرف ڈیکلریشن نہیں ہے بلکہ عوام اور کانگریس حکومت کے درمیان ایک معاہدہ ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ خاندان میں نظریاتی اختلافات عام بات ہے۔ وہ پارٹی کے ہر قائدین کی رائے اور نظریات کو سنو گے اگر کسی کو کچھ کہنا ہے تو راست طور پر ان سے کہہ سکتے ہیں۔ میڈیا کے سامنے کچھ بھی نہ کہے۔ اگر ہمارے درمیان کوئی بھی مسئلہ ہے تو اس کو چار دیواری میں بات کرلیں۔ اس کو میڈیا سے رجوع نہ کریں۔ کانگریس کا احترام اور بھروسہ کرنے والے کروڑہا لوگ ہیں۔ تلنگانہ میں 8 سال سے آمرانہ حکمرانی چل رہی ہے۔ ریاست کی آمدنی ایک خاندان لوٹ رہا ہے۔ کئی امیدیں اور توقعات کے ساتھ سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے ۔ لیکن سونیا گاندھی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں تعلیم، طب اور روزگار کے معاملے میں تلنگانہ کے عوام سے انصاف نہیں ہوا ہے۔ کے سی آر خاندان کے چنگل سے تلنگانہ کو نجات دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آمرانہ حکمران کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ٹی آر ایس کے خلاف شروع ہوئی جدوجہد میں نوجوان طبقہ حصہ بنیں۔ اپنی توقعات کو پورا کرنے کیلئے علحدہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی کی کامیابی ضروری ہے۔ن