ڈی جی پی سی وی آنند کی ڈسٹرکٹ کمشنرس و ایس پیز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔ 13 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سی وی آنندنے اعلان کیا ہے کہ ریاست بھر میں آنے والی عیدالاضحی کے موقع پر امن، عوامی نظم و ضبط اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ پولیس سخت اقدامات کررہی ہے۔ آج ڈی جی پی نے مختلف محکموں کے سینئر افسران کے ساتھ مل کر تمام اضلاع کے پولیس کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹس پولیس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی۔ اس کانفرنس میں میونسپل ایڈمنسٹریشن اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کے اسپیشل چیف سیکریٹری جیش رنجن، محکمہ افزائش مویشیان کے سیکریٹری کے آئی لمبرتھی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی سی وی آنند نے کہا کہ چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کی سطح پر منعقدہ جائزہ اجلاس کے فیصلوں کے مطابق پولیس افسران کو عیدالضحیٰ کے دوران مویشیوں کی غیر قانونی حمل ونقل اور اسمگلنگ روکنے کی سختی سے ہدایت دی گئی ہے۔ڈی جی پی نے نوٹ کیا کہ بقر عید قانونی نقطہ نظر سے حساس عید ہے اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے فرقہ وارانہ کشیدگی یا گروپوں کے درمیان تصادم کو روکنے کیلئے سخت چوکسی کی ضرورت ہے۔ حالیہ مویشیوں کی غیر قانونی نقل و حمل کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرس (ایس او پیز) کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے یہ ویڈیو کانفرنس منعقد کی گئی ہے۔ڈی جی پی نے افسران کو گائے ذبح ایکٹ 1977، ٹرانسپورٹ آف اینیملز رولز 1978 اور پریوینشن آف کریلٹی ٹو اینیملز ایکٹ 1960 کی شقوں کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مویشیوں کی حمل و نقل سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ دیا۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ چھتیس گڑھ، کرناٹک، مہاراشٹرا اور آندھراپردیش کی سرحدوں پر 52 انٹراسٹیٹ چیک پوسٹس قائم کئے گئے ہیں ، جبکہ ریاست بھر میں جملہ 203 چیک پوسٹس غیر قانونی مویشی اسمگلنگ روکنے کیلئے سرگرم ہیں۔ انہوں نے مشکوک علاقوں میں گاڑیوں کی تلاشی میں تیزی لانے اور اگلے 15 دنوں میں منعقد ہونے والے مویشی منڈیوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی۔قانون نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈی جی پی نے خبردار کیا کہ کوئی بھی فرد یا گروپ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔ انہوں نے قریشی اسوسی ایشنس اور گائے حفاظتی گروپوں کے ارکان کو مشکوک حمل و نقل کی بنیاد پر سڑکوں کی ناکہ بندی یا تصادم کی صورتحال پیدا نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے اور جہاں ضروری ہو گا وہاں روڈی شیٹس بھی کھولی جائیں گی۔ڈی جی پی نے پولیس کمشنرس اور ڈسٹرکٹ ایس پیز کو دونوں گروپوں کے نمائندوں کیساتھ الگ الگ کوآرڈینیشن میٹنگس منعقد کرنے اور غلط فہمیوں سے بچنے کیلئے شعور اجاگر کرنے کی ہدایت دی۔ڈی جی پی نے پولیس، میونسپل ایڈمنسٹریشن، اینیمل ہسبینڈری اور ریونیو محکموں کے درمیان قریبی رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔ موثر مواصلات اور معلومات کی اشتراک کیلئے انہوں نے ڈسٹرکٹ اور فیلڈ سطح پر خصوصی واٹس ایپ گروپس بنانے کا حکم دیا۔مزید یہ کہ ضبط شدہ جانوروں کے لیے مناسب مویشی شیڈز کا بندوبست کرنے اور چارہ پانی سمیت سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت دی۔ ڈی جی پی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سخت نظر رکھنے اور اشتعال انگیز یا گمراہ کن مواد پوسٹ کرنے والوں کو شناخت کرکے پولیس اسٹیشن طلب کرنے اور قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔بJ