عیدالاضحی کے موقع پر مسلم قائدین کی عوام کو مبارکباد

   

نماز اور قربانی کے دوران سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاط کا مشورہ
حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی، صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم، صدر نشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے علحدہ پیامات میں مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ ان قائدین نے کہا کہ عید قرباں کے حقیقی جذبہ کو اپنی زندگیوں میں رائج کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دوسروں کیلئے ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا ہو۔ ان قائدین نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے نماز عید اور قربانی کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ حکومت نے جو بھی گائیڈ لائنس جاری کئے ہیں اُن پر سختی سے عمل کیا جائے۔ مسلم قائدین نے کہا کہ عیدگاہوں کے بجائے محلہ جات کی مساجد میں نماز کا اہتمام کیا جانا چاہیئے ۔ نماز کے موقع پر سماجی فاصلہ کی برقراری اور مساجد کے سنیٹائزیشن کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بلدیہ اور دیگر محکمہ جات کو صحت و صفائی کے انتظامات کے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مساجد کے اطراف اور مسلم آبادیوں میں کچرے کی نکاسی کا بروقت انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ قربانی کے جانوروں کا فضلہ اور دیگر ناکارہ اشیاء کو کھلے مقامات یا سڑکوں پر نہ پھینکے اس سے بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔ انہوں نے قصائیوں سے کٹوائی کے دوران سنیٹائزیشن کا اہتمام کرنے کی اپیل کی۔ محمود علی نے نماز عید کے موقع پر ریاست کی ترقی اور کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ تمام منیجنگ کمیٹیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایک سے زائد جماعتوں کے اہتمام کے دوران وقفہ رکھیں اور ہر نماز کے بعد مسجد کو سنیٹائز کیا جائے۔ مصلیوں کو اپنی جانماز کے ساتھ مسجد پہنچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے نماز عید اور قربانی کے سلسلہ میں ہر ممکن سہولت فراہم کی ہے۔