عیدالاضحی کے پیش نظر بڑے جانوروں کی منتقلی و ہراسانی روکنے وزیرداخلہ اور ڈی جی پی سے کامیاب نمائندگی

   

پولیس ہراسانی اور فرقہ پرستوں کی سازش کی اطلاعات پر جمعیت القریش کی خواہش پر فوری توجہ
حیدرآباد: عیدالاضحی کے پیش نظر بڑے جانوروں کی منتقلی میں پیش آرہی رکاوٹوں اور پولیس کی مبینہ ہراسانیوں پر چیرمین وقف بورڈ صدر جمعیت القریش حیدرآباد و تلنگانہ محمد سلیم نے وزیرداخلہ تلنگانہ اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سے کامیاب نمائندگی کی اور تلنگانہ کے تمام ضلعی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس و کمشنران پولیس کو ڈی جی پی کی جانب سے احکامات جاری کروائے۔ بڑے جانوروں (نر) کی منتقلی میں رکاوٹ اور چیک پوسٹ پر مبینہ ہراسانی کے علاوہ تاجروں کو فرقہ پرستوں سے بھی ہراسانی کا سامنا ہے۔ محمد سلیم سے ان مسائل اور لاحق خطرات پر جمعیت القریش حیدرآباد و تلنگانہ کے ایک وفد نے ملاقات کی اور درپیش مسائل کا صدر سے تذکرہ کیا۔ جمعیت القریش کے عہدیداروں سے قریش برادری کے علاوہ تاجروں اور مزدوروں کو لاحق پریشانیوں کی تفصیلی سماعت کے بعد محمد سلیم نے فوری ریاستی وزیرداخلہ سے بات کی اور ڈی جی پی مہیندر ریڈی سے نمائندگی کرتے ہوئے انہیں تفصیلات سے واقف کروایا۔ وزیرداخلہ محمد محمود علی نے محمد سلیم کی نمائندگی پر فوری ڈی جی پی کو ہدایت دی اور ڈی جی پی نے سیٹ کانفرنس کے ذریعہ ریاست کے تمام ایس پیز اور کمشنران پولیس کو ہدایت جاری کی کہ وہ قربانی کیلئے منتقل کئے جارہے بڑے جانوروں (نر) کی منتقلی میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔ اس موقع پر محمد سلیم نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں ایک سیکولر اور اقلیت دوست حکومت ہے اور مسلمانوں کو کسی بھی قسم کی ہراسانی کا سامنا نہیں ہوگا۔ انہوں نے پولیس کو آگاہ کیا کہ بڑے جانوروں کی منتقلی کے دوران کڑی نظر رکھیں چونکہ فرقہ پرست طاقتیں امن کو بگاڑنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ چیرمین وقف بورڈ صدر جمعیت القریش حیدرآباد و تلنگانہ محمد سلیم نے کہا کہ ریاست میں عیدالاضحی جوش و خروش سے منائی جائے گی اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں آئے گی۔ انہوں نے جمعیت کے وفد کو تیقن دیا کہ وہ جمعیت کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ہمیشہ دستیاب رہیں گے۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری عبدالعزیز، خازن عبداللطیف، حمید چودھری، منیر قریشی، عثمان پہلوان، جوائنٹ سکریٹری منیر قریشی و دیگر موجود تھے۔