عیدگاہ کے مصلیوں کو جائے نماز ساتھ رکھنے کا مشورہ

   

نماز عید الاضحی کے خصوصی انتظامات ، چیرمین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خان کا دورہ
حیدرآباد۔8جولائی (سیاست نیوز) صلواۃ العید الاضحی کے لئے عیدگاہ پہنچنے والے مصلیان اکرام اپنی جائے نمازیں ساتھ میں لائیں تاکہ انہیں موسم باراں کے سبب کسی قسم کی کوئی تکالیف کا سامنانہ کرنا پڑے۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے آج رکن اسمبلی کاروان و رکن وقف بورڈ کے ہمراہ عید گاہ میر عالم ، مادننا پیٹ اور عیدگاہ گنبدان قطب شاہی کا دورہ کرتے ہوئے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کیں۔ عیدگاہ مادننا پیٹ کے دورہ کے موقعہ پر ان کے ہمراہ جناب سید احمد پاشاہ قادری رکن اسمبلی یاقوت پورہ بھی موجود تھے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی اور شدید بارش کے امکانات کے باوجود ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے عیدگاہوں میں سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا لیکن اگر نماز عیدالاضحی کے وقت یاعید سے ایک یوم قبل رات بھر بارش کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو ایسی صورت میں بڑی مساجد میں نماز عید کی ادائیگی کی گنجائش موجود ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ کی جانب سے نمازعیدالاضحی کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کئے گئے دورہ کے دوران مختلف محکمہ جات بشمول محکمہ پولیس‘ محکمہ بلدی نظم و نسق‘ محکمہ آرٹی سی ‘ محکمہ عمارات و شوارع ‘ محکمہ برقی و آبرسانی کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نماز عید الاضحی کے لئے خصوصی موبائیل ٹرانسفارمر کی تنصیب عمل میں لائی جائے علاوہ ازیں عید کے دن بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہو ںنے عیدگاہ کی سڑک پر موجود گڑھوں کو فوری طور پر بند کرنے کے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ عمارات و شوارع کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدار اندرون 24 گھنٹے اس عمل کو مکمل کریں۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے عیدگاہ میر عالم میں واٹر پروف شامیانے کی تنصیب کے عمل کا جائزہ لیا جا رہاہے لیکن وقت کم ہونے کے سبب ایسا کرنے میں دشواریاں ہوسکتی ہیں ۔ انہوں نے وقف بورڈ کے عہدیدارو ںکو نماز عید الاضحی کے لئے عید گاہ میر عالم میں خصوصی طور پر موجود رہنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے عیدگاہ میر عالم کی قدیم عمارت کو ہونے پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر عیدگاہ کی عمارت کے مرمتی کاموں کا تخمینہ لگائیں تاکہ عید کے فوری بعد ان کاموں کا آغاز کیا جاسکے۔ارکان اسمبلی نے عیدگاہوں کے دورہ کے دوران چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کی عدم موجودگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ سی ای او ریاستی وقف بورڈاپنی دیگر اضافی مصروفیات کے سبب عیدگاہوں میں نماز عید الاضحی کے لئے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کئے جانے والے دورہ میں شرکت سے منع کرچکے تھے ۔م