حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) دوست احباب کیلئے عید ملاپ تقریب کا اہتمام ایک خاتون کیلئے مہنگا ثابت ہوا۔ تقریب میں شریک بوائے فرینڈ نے چوری کی نیت سے بریانی کے ساتھ ایک قیمتی ہار اور طلائی چین بھی نگل لیا۔ آخر کار پولیس نے تحقیقات کے دوران اسکیاننگ کے ذریعہ پتہ چلایا کہ پیٹ میں دونوں ہار موجود ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹاملناڈو کے دارالحکومت چینائی میں جیولری شاپ میں کام کرنے والی ایک خاتون نے اپنے دوست احباب کیلئے عید ملاپ کا اہتمام کیا۔ عشائیہ میں لڑکی کے دوست احباب اور اس کا بوائے فرینڈ بھی موجود تھا۔ مہمانوں کی بریانی اور دیگر ڈشیس سے تواضع کی گئی۔ دعوت کے اختتام پر جب تمام مہمان گھر جانے کی تیاری کررہے تھے خاتون نے کسی کام سے الماری کھولی تو سونے کی چین غائب تھی۔ اس نے تمام مہمانوں کی تلاشی لی لیکن پتہ نہیں چلا۔ خاتون نے پولیس میں شکایت کی اور اپنے بوائے فرینڈ پر زیورات کے سرقہ کا شبہ ظاہر کیا۔ پولیس نے بوائے فرینڈ کو حراست میں لے لیا جس نے سرقہ کا اعتراف کیا اور بتایا کہ اس نے بریانی کے ساتھ دونوں زیورات بھی نگل لئے تاکہ بعد میں نکال لیا جائے۔ اسکیاننگ پر پیٹ میں زیورات کی موجودگی کا پتہ چلا۔ پولیس نے طبی طریقہ استعمال کرتے ہوئے زیورات کو پیٹ سے نکال لیا اور خاتون کو واپس کردیا۔ر