غدر2 کا اثر،راجستھان پولیس کا ہیلمٹ سے متعلق آگاہی ٹویٹ

   

جے پور۔ ایک ایسے وقت میں جب بالی ووڈ اداکار سنی دیول کی فلم غدر 2 ملک بھر میں تمام ریکارڈ توڑ رہی ہے، راجستھان پولیس نے ایک پوسٹر کے ساتھ فلم کا ایک منظر دکھایا ہے جس میں ڈرائیونگ کے دوران ہیلمٹ کے استعمال کی وکالت کی گئی ہے۔ پوسٹر، گانا میں نکلا گڈی لیکے کے ایک منظر کی عکاسی کرتا ہے، اتکرش شرما کو دکھایا گیا ہے، جو غدر2 میں سنی دیول کے بیٹے کا کردار ادا کرتے ہوئے، بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ اس پوسٹر کے ذریعے پولیس نے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کا پیغام دیا ہے۔
اتکرش نے نہ صرف راجستھان پولس کے ٹویٹ کی تعریف کی ہے بلکہ ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی ضرورت پر بات کی ہے۔ ٹوئٹر پر اداکار نے کہا کہ ہیلمٹ پہن کر ہی باہر نکلنا چاہیے۔ فلم کے لیے شوٹ کیے گئے مناظر میں، تیجے (اتکرش) تارا سنگھ (سنی دیول) کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہیں۔ اتکرش نے ہیلمٹ نہیں پہنا ہوا ہے۔ راجستھان پولیس نے اس کی ایک پوسٹ بنائی ہے۔ اس پوسٹ میں اتکرش کہہ رہے ہیں کہ میں نکلا گڈی لیکے…. اس پر سنی دیول نے انہیں سمجھاتے ہوئے کہا کہ اے کاکے، گڈی سے پہلے کم از کم ہیلمٹ تو پہن لو۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ راجستھان پولیس سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے منفرد انداز میں ٹریفک قوانین، سائبر کرائم بیداری اور جعلی خبروں جیسے مسائل کو اٹھا رہی ہے۔ اتکرش فلم کے ہدایت کار انیل شرما کے بیٹے ہیں۔ انیل شرما نے 23 سال قبل سنی اور امیشا کے ساتھ فلم غدر بنائی تھی۔ اب اس فلم کے دوسرے حصے نے بھی بالی ووڈ میں ریکارڈ قائم کردیا ہے۔