ہر مستحق خاندان سرکاری اسکیمات کا اہل، وزیر مال کی کھمم میں عوام سے ملاقات
حیدرآباد۔/28 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاست میں مستحق خاندانوں کو 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر اور ماہانہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہی کے وعدوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مستحق خاندان حکومت کی سہولتوں سے محروم نہیں رہے گا۔ پی سرینواس ریڈی نے آج کھمم ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں حصہ لینے کے صرف 11 ماہ بعد وہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے عہدہ کی پرواہ کئے بغیر ہمیشہ عوام کی خدمت کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 80 دنوں میں ریونت ریڈی حکومت نے 4 اہم وعدوں کی تکمیل کی ہے۔ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت اور راجیو آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج کا پہلے ہی آغاز ہوچکا ہے مزید دو ضمانتوں پر عمل آوری کا کل اعلان کیا گیا۔ وزیر مال نے وضاحت کی کہ اگر پرجا پالنا کی درخواستوں میں کوئی کمی یا خامی رہ جائے تو عوام اسے درست کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل کے نام پر سابق حکومت نے کسانوں کو اراضیات سے محروم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل کی دو لاکھ سے زائد درخواستوں کی جلد یکسوئی کی جائے گی۔ سرکاری اسکیمات کیلئے سفید راشن کارڈ کی شرط پر تبصرہ کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو جلد ہی سفید راشن کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد خواتین کیلئے 2500 روپئے کی امداد اور غریبوں میں ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان پر بہر صورت عمل کیا جائے گا۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان پر عمل آوری حکومت کی ذمہ داری ہے۔1