غریب خاندانوں کو ہر سال ایک لاکھ روپئے دینے کا وعدہ

   

مرکز میں کانگریس اگر حکومت سازی کرتی ہے تو ناری نیائے اسکیم کو فوری لاگو کیا جائے گا: کھرگے

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے خواتین کو انصاف کی گارنٹی دیتے ہوئے چہارشنبہ کو کہا کہ اگر مرکز میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو غریب خاندان کی ایک خاتون کو ہر سال ایک لاکھ روپے کی مدد دی جائے گی۔ ‘ناری نیائے ’ گارنٹی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کھرگے نے آج کہا کہ اس کے تحت کانگریس پارٹی ملک میں خواتین کے لیے ایک نیا ایجنڈہ طے کرنے جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناری نیائے گارنٹی کے تحت کانگریس خواتین کے لیے پانچ اعلانات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے خواتین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے جو پانچ گارنٹیاں دی ہیں ان میں سے پہلی مہالکشمی گارنٹی ہے ، جس کے تحت غریب خاندان کی ایک خاتون کو ہر سال ایک لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔ دوسری گارنٹی آدھی آبادی – پورا حق کی ہوگی، جس کے تحت مرکزی حکومت کی نئی تقرریوں میں خواتین کو آدھا حق ملے گا۔ شکتی کا سمان تیسری گارنٹی ہے جس کے تحت آنگن واڑی، آشا اور مڈ ڈے میل ورکرس کی ماہانہ تنخواہ میں مرکزی حکومت کی شراکت کو دوگنا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ادھیکار میتری چوتھی گارنٹی ہے جس کے تحت خواتین کو ان کے حقوق سے آگاہ کرنے اور ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے ہر پنچایت میں ایک پیرا لیگل یعنی قانونی معاون کو ادھیکار میتری کے طور پر مقرر کیا جائے گا۔ خواتین کے لیے پانچویں ساوتری بائی پھولے ہاسٹل گارنٹی ہے جس کے تحت حکومت ہند ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں کم از کم ایک ورکنگ ویمن ہاسٹل بنائے گی اور ملک بھر میں ان ہاسٹلوں کی تعداد دوگنی کردی جائے گی۔کانگریس صدر نے کہا کہ اس سے قبل ہم نے باگھیداری نیائے ، کسان نیائے اور یووا نیائے کا اعلان کے اعلان کئے ہیں اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ہماری گارنٹیاں کھوکھلے وعدے اور بیانات نہیں ہوتے ۔ ہمارا کہا پتھر کی لکیر ہوتا ہے ۔ یہ 1926 سے اب تک ہمارا ریکارڈ ہے ۔ جب ہمارے مخالفین کا جنم ہورہا تھا تب سے ہم منشور بنا رہے ہیں اور اعلانات کو پورا کر رہے ہیں۔ آپ سبھی کانگریس پارٹی کو اپنا آشیرواد دیتے رہئے اور جمہوریت اور آئین کو بچانے کی اس لڑائی میں ہمارا ہاتھ مضبوط کیجئے ۔