غزہ جنگ کے طریقہ کار پر اعلیٰ اسرائیلی عہدیداروں میں اختلافات

   

تل ابیب : اعلیٰ اسرائیلی عہدیداروں کے درمیان اب اس بارے میں اختلافات ابھر کر سامنے آ رہے ہیں کہ غزہ میں عسکریت پسند گروپ حماس کے خلاف جنگ کس طرح لڑی جائے۔ اسرائیل کی جنگی کابینہ کے ایک رکن نے یرغمالوں کو رہا کرانے کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے بارے میں شک و شبہے کا اظہار کیا ہے۔ جب کہ ملک کے وزیر اعظم نے حملے کی شدت کم کرنے کی امریکہ کی اپیل کو مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیل کی جنگی کابینہ کے چار ارکان میں سے ایک، سابق فوجی سربراہ گاڈی آئیزن کوٹ نے جمعرات کو دیر گئے کہا کہ صرف جنگ بندی کے سمجھوتے کے ذریعے ہی ان درجنوں یرغمالوں کی رہائی حاصل کی جا سکتی ہے جن کو اب بھی حماس نے غزہ میں رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے ان دعوؤں کو خام خیالی کہہ کر مسترد کر دیا کہ یرغمالوں کو دوسرے طریقوں سے بھی آزاد کرایا جا سکتا ہے۔ یہ اس مسئلے پر آئیزن کوٹ کا پہلا پبلک بیان تھا۔ جو اعلیٰ اسرائیلی عہدیداروں کے درمیان حماس کے خلاف جنگ کے طریقہ کار اور اس کی سمت کے تعین کے بارے اختلافات کی جانب تازہ ترین اشارہ ہے۔ یہ جنگ اب چوتھے ماہ میں داخل ہو چکی ہے۔ دریں اثناء علاقہ میں مواصلات کا بلیک آؤٹ جمعے کو ساتویں دن میں داخل ہو گیا۔ یہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک کا طویل ترین بلیک آؤٹ ہے۔ جس سے امدادی سامان کی ترسیل میں رابطے اور امدادی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔

نیدرلینڈز کی شاہراہوں پر اسرائیل کیخلاف بل بورڈس
ایمسٹرڈم: نیدرلینڈز میں فلسطینیوں کی حمایت میں منفرد احتجاج کیا گیا۔ اہم شاہراہوں پر اسرائیلی مظالم اجاگر کرنے والے بل بورڈز آویزاں کیے گئے۔ اسرائیلی پروپیگنڈے کے مقابلے کیلئے بل بورڈز مہم کے ذریعے رقم جمع کی جارہی ہے۔ بل بورڈز میں جنگ بندی، ہر دس منٹ میں ایک فلسطینی بچہ مرجاتا ہے، کے پیغامات درج ہیں۔ دوسری جانب غزہ شہر میں الشفا ہاسپٹل کے قریب اسرائیلی بمباری میں 12 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی بمباری میں ایک اپارٹمنٹ بلاک کو نشانہ بنایا گیا، تازہ کارروائیوں میں غزہ پٹی کے شمالی اور وسطی حصہ میں اسرائیلی بمباری میں 40 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے۔ اسرائیل فوج نے غزہ میں جھڑپوں کے دوران اپنے ایک اور فوجی کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا، مجموعی تعداد191 ہوگئی۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، مشرقی مقبوضہ بیت المقدس، نابلس، طولکرم، رام اللّٰہ، الخلیل کے علاقوں میں چھاپے مارے گئے۔ طولکرم کیمپ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا، تعداد 8 ہوگئی۔ خلیج عدن میں امریکی جہاز پرحوثیوں نے دو اینٹی شپ بیلسٹک میزائل سے حملہ کر دیا، حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔