واشنگٹن ؍ غزہ : اسرائیل اور حماس کے مابین مزید اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی پر اتفاق رائے کے ساتھ ہی بے گھر فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد نے پیر کے روز جنگ سے تباہ حال غزہ پٹی کے شمال کی طرف بڑھنا شروع کر دیا۔فلسطینی علاقے نصیرات سے 27 جنوری بروز پیر موصولہ خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق اسرائیل اور حماس کی طرف سے اس اعلان کے بعد کہ وہ مزید اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کیلئے ایک نئے اتفاق رائے تک پہنچ گئے ہیں، پیر کو بے گھر فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد جنگ زدہ غزہ پٹی کے شمالی حصے کی طرف بڑھنے لگی۔ حماس اور اسرائیل نے کہا ہے کہ کہ وہ مزید چھ مغویوں کی رہائی پر متفق ہو گئے ہیں۔ یہ پیش رفت انتہائی نازک جنگ بندی کو تقویت دینے کا سبب بنے گی اور اس اتفاق رائے کے تحت مزید اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ ان اقدامات کا مقصد 15 ماہ سے زائد عرصے سے جاری غزہ میں مسلح تنازعہ کا خاتمہ ہے۔ یہ جنگ غزہ پٹی کو مکمل طور پر تباہ کر چکی ہے اور اس فلسطینی علاقے کے تقریباً تمام رہائشی بے گھر ہو چکے ہیں۔اسرائیل حماس پر جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے فلسطینیوں کو شمالی غزہ میں ان کے گھروں کو واپس جانے سے روک رہا تھا، لیکن وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر نے اتوار کو دیر گئے بتایا کہ نئی ڈیل طے پانے کے بعد ان فلسطینیوں کو بند راستوں سے گزرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ اے ایف پی ٹی وی کی نشرکردہ تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ فلسطینیوں کا ایک بڑا ہجوم پیر کی صبح ساحلی سڑک پر شمال کی طرف اپنا راستہ بناتے ہوئے تمام ممکنہ سامان ساتھ لیے جا رہا تھا۔غزہ پٹی کے بے گھر ہو جانے والے ایک باشندے ابراہیم ابو حصیرا نے اے ایف پی کو بتایا، ”واپس گھر کی طرف جانے، اپنے خاندان، رشتہ داروں اور عزیزوں کے پاس جانے اور اپنے گھر کا معائنہ کرنے کا احساس بہت سہانا ہوتا ہے۔ اگر یہ گھر اب بھی گھر باقی رہ گیا ہے تو۔‘‘ادھر عسکریت پسند فلسطینی تنظیم حماس نے فلسطینیوں کی گھروں کو واپسی کو ان کی ”فتح‘‘ قرار دیا ہے، جو حماس کے بقول غزہ پٹی کے اس علاقے پر اسرائیلی قبضے اور یہاں کے مکینوں کی اس علاقے سے نقل مکانی کے منصوبوں کی ناکامی اور شکست کا اشارہ ہے۔