غزہ میں اسرائیل کی بمباری، 24 گھنٹوں میں 700 سے زائد فلسطینی شہید

,

   

مہلوکین کی تعداد 16 ہزار سے متجاوز‘اسرائیلی فوج کا مسجد اقصیٰ کے شیخ عکرمہ کے گھر پر دھاوا

غزہ : غزہ کے سرکاری میڈیا کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وحشیانہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 700 سے زائد فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد سے اسرائیل کی غزہ اور دیگر قابض علاقوں پر بدترین بمباری جاری ہے۔ غزہ کے گنجان آباد جنوبی حصوں پر حملے کیے جا رہے ہیں جہاں شمالی غزہ سے جبری انخلا کے بعد فلسطینیوں کی اکثریت پناہ لیے ہوئے ہے۔ صیہونی فورسز کی جانب سے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز کی خان یونس کے علاقے میں بھی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اور تازہ ترین کارروائی میں اسرائیلی فورسز نے ایک گھر میں چھاپہ مار کر 7 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔خان یونس میں قطری تعاون سے تعمیر’’حمد سٹی ‘‘ کی تباہی کے ہولناک مناظر دیکھنے میں آئے اور ترک ٹی وی کی صحافی ربا خالد لائیو کوریج کے دوران اپنا گھر تباہ ہوتے دیکھ کر آبدیدہ ہو گئیں۔ادھر اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ کے شیخ عکرمہ کے گھر پر بھی دھاوا کیا، شیخ عکرمہ صابری مقبوضہ بیت المقدس میں سپریم اسلامی کونسل کے سربراہ اور فلسطینی علما اور مبلغین کی انجمن کے بانی و صدر بھی ہیں۔حماس کا کہنا ہیکہ غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کے اجتماع کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ فلسطینی تنظیم کی جانب سے اسرائیلی فورسز اور گاڑیوں کو نشانہ بنانے کی ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت نے ہزاروں بچوں کا بچپن چھین لیا ہے۔ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری سے کہیں بچے والدین تو کہیں والدین بچوں سے بچھڑ گئے ہیں۔غزہ میں اسرائیلی بمباری کے بعد ملبے سے ریسکیو کیے گئے زخمی بھائی بہن کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں زخمی بہن بار بار اپنے زخمی بھائی سے اپنے خاندان کی خیریت کے بارے میں پوچھ رہی ہے لیکن بھائی کے پاس زخمی بہن کے سوالات کا کوئی جواب نہیں ہے۔غزہ میں سرکاری میڈیا آفس کے ڈائریکٹر جنرل کا عرب میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 700 سے زائد فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ غزہ کے سرکاری اہلکار کے مطابق اسرائیلی بمباری سے غزہ پٹی میں اب تک 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ب