غزہ میں اسپتال کے آئی سی یو میں نومولود بچوں کی بوسیدہ لاشیں برآمد

   

بیت المقدس: غزہ کے الناصر اسپتال میں لائف سپورٹ سسٹم پر رکھے گئے 4 نوزائیدہ بچوں کی بوسیدہ لاشیں ملی ہیں۔ امریکی میڈیا ہاؤس سی این این کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے زمینی آپریشن کے باعث ڈاکٹروں کو اسپتال خالی کرنا پڑا تھا۔ چونکہ بچوں کو آئی سی یو کی ضرورت تھی، اس لیے وہ انہیں ساتھ نہیں لے جا سکے۔ جیسے ہی اسپتال میں ایندھن ختم ہوا، آئی سی یو میں موجود مشینوں نے کام کرنا چھوڑ دیا جس کی وجہ سے بچے مر گئے اور ان کی لاشیں گل گئیں۔ بچوں کے بستروں پر دودھ کی بوتلیں اور ڈائپر ابھی تک پڑے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے ایک میڈیا ہاؤس المشد کے صحافی محمد بالوشہ نے یہ ویڈیو شیئر کیا۔ اس میں تقریباً 4 نومولود بچوں کی بوسیدہ لاشیں دیکھی گئیں۔ کچھ لاشوں کے پاس اب بھی اسپتال کی مشینوں سے تاریں لگی ہوئی ہیں۔ ان کے جسم پر مکھیاں اور کیڑے رینگتے نظر آئے۔ واضح رہے کہ جنگ بندی سے قبل الناصر اسپتال کے قریب اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان تصادم شدت اختیار کر گیا تھا۔