غزہ میں رہائشی علاقوں پر اسرائیلی بمباری، مزید 120 فلسطینی شہید

,

   

نسل کشی کا مشاہدہ نہیں ہوا‘، امریکی محکمہ خارجہ کی شرمناک ڈھٹائی

غزہ : غزہ کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فوج کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 120 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ایک اسرائیلی یرغمالی مارا گیا۔غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار 637 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 57 ہزار 296 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہدا میں 9 ہزار 100 سے زائد بچے اور 6 ہزار 500 سے زائد خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 8 ہزار 663 بچے اور 6 ہزار 327 خواتین بھی شامل ہیں۔ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی فلسطینیوں پر صیہونی مظالم میں کوئی کمی نہ آسکی، مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں اور انتہا پسند یہودیوں کے ہاتھوں 83 بچوں سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 324 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 3 ہزار 800 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔اقوام متحدہ کے ہیومن افیئرز کے آفس (او سی ایچ اے) اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 31 دسمبر 2023 تک کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 3 لاکھ 55 ہزار رہائشی یونٹ مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ 370 سے زائد تعلیمی مراکز بھی صفحہ ہستی سے مٹادیے گئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی بربریت کا نشانہ بننے کے بعدغزہ کے 36 میں 23 ہاسپٹلس مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں، 123 ایمبولینسوں اور 203 عبادتگاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ 7 اکتوبر سے 3 جنوری 2024 تک غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 87 صحافی اپنے جانیں گنوا چکے ہیں، شہید ہونے والے صحافیوں میں اکثریت فلسطینی صحافیوں پر مشتمل ہے۔ صحافیوں کی عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے مطابق صحافتی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے اپنی جانیں گنوانے والے صحافیوں میں 80 فلسطینی، تین لبنانی اور 4 اسرائیلی صحافی شامل ہیں۔دوسری جانب بحیرہ احمر میں حوثیوں کے بحری جہازوں پر حملوں سے متعلق اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔غزہ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے حوالے سے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے میں ایک فلسطینی حکومت کے قیام پر بات ہوسکتی ہے لیکن یرغمالیوں کی رہائی مکمل جنگ بندی پر ہی ہوگی۔ دوسری طرف امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ماتھیو ملر نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ نے غزہ میں ایسی کارروائیوں کا مشاہدہ نہیں کیا ہے جو نسل کشی پر مبنی ہوں۔ امریکہ کا یہ موقف جنوبی افریقہ کی جانب سے فلسطینی علاقے میں اسرائیل کی فوجی کارروائی پر عالمی عدالت انصاف میں نسل کشی کا مقدمہ دائر کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔

حماس کے شہید رہنما کے گھر پر بمباری ، 14 افراد شہید
غزہ سٹی: اسرائیلی فوج نے لبنان میں شہید ہونے والے حماس کے نائب سربراہ صلاح العروری کے خاندان سے منسوب خان یونس کی ایک رہائشی عمارت پر وحشیانہ بمباری کی جس میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد شہید ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے خاندان کا حماس کے کمانڈر شہید صلاح العروری سے کیا تعلق تھا۔خان یونس کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی اندھا دھند بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ریڈ کراس کے ہیڈ کوارٹر اور العمل اسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں ایک شخص کے شہید اور درجن سے زائد مریضوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں اسپتال اور رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ صلاح العروری کے خاندان سے منسوب رہائشی عمارت پر بمباری میں ایک ہی خاندان کے بچوں اور خواتین سمیت 14 افراد شہید ہوگئے جب کہ متعدد زخمی ہیں۔ادھر اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ایک مقامی مرکز پر بمباری کی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے 9 کارکن شہید ہوگئے۔یاد رہے کہ دو روز قبل لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی حملے میں حماس کے نائب سربراہ صلاح العروری سمیت 6 جانباز شہید ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ 7 جنوری سے جاری اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 57 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔