غزہ کا مسئلہ تاحال حل نہ ہونا عالمی برادری کی اخلاقی ناکامی : ریڈ کراس

   

جنیوا: ریڈ کراس نے غزہ کی صورت حال اور اسرائیل کے مسلسل حملوں پر کہا ہے کہ اس مسئلے کو تاحال حل نہ کیا جانا عالمی برادری کی اخلاقی ناکامی ہے۔ایک بیان میں ریڈ کراس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں انتہا کو چھونے والے مسائل اور اس کے خاتمے کی عالمی کوششیں نہ ہونے کے اثرات صرف غزہ ہی نہیں، اگلی نسلوں پر بھی پڑیں گے۔ریڈکراس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی مسلسل بمباری کے نتیجے میں غزہ کی 90 فی صد سے زائد آبادی بے گھر ہو چکی ہے، 60 فی صد سے زیادہ تباہی پھیلنے سے انفرااسٹرکچر تباہ جب کہ پوری دنیا اہل غزہ کی جبری بے دخلی کا تماشا دیکھ رہی ہے۔غزہ میں ہونے والی تباہی ناقابل بیان ہے۔واضح رہے کہ صہیونی ریاست کی جانب سے غزہ پر مسلسل حملوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ تازہ کارروائی میں قابض اسرائیلی فوج نے العودہ اسپتال کے بعد الاہلی اسپتال پر بھی حملہ کیا ہے، جس کے بعد طبی امداد کی عدم دستیابی کی وجہ سے 4 زخمی فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے العودہ اسپتال سے ڈاکٹروں، عملے اور مریضوں سمیت تقریباً150 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس سے پہلے بھی محاصرے کے دوران اسپتال سے تقریباً 240 افراد کو حراست میں لیا جا چکا تھا۔صہیونی ریاست کی دہشت گردی کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 200 سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں، جس کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد تقریباً 20 ہزار ہو چکی ہے، جس میں بہت بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی بھی ہے۔

اردغان کا مشعل سے
اظہار تعزیت
انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے کویت کے نئے امیر شیخ مشعل کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی ہے۔ترکیہ صدارتی محکمہ اطلاعات کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر اردغان نے کویت کے امیر شیخ نواف کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور نئے امیر شیخ مشعل سے تعزیت کی ہے۔