غزہ کیلئے ہندوستان کی38.5 ٹن امداد روانہ

   

نئی دہلی : وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان نے غزہ میں محصور فلسطینی شہریوں کے لیے 38.5 ٹن انسانی امداد مصر کے سینائی علاقے میں روانہ کردی ہے جہاں سے یہ امدادجنگ سے متاثرہ فلسطینیوں میں تقسیم کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ فلسطین کے لوگوں کیلئے ہندوستانی فضائیہ کا بوئنگ سی۔17 ٹرانسپورٹ طیارہ تقریباً 6.5 ٹن طبی امداد اور 32 ٹن امدادی سامان لیکر مصر کے العریش ہوائی اڈہ کیلئے روانہ ہوگیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ اس امدادی سامان میں زندگی بچانے والی ضروری ادویات، سرجیکل آلات، سلیپنگ بیگ، خیمے، ترپال، حفظان صحت سے متعلق سامان، پانی صاف کرنے کی گولیاں اور دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔