ریاض۔30؍جون ( ایجنسیز )بیت اللہ شریف کو غْسل دینے کی تقریب آج مکمل ہو گئی ہے جو تین بڑے مرحلوں میں مکمل ہوئی جن میں حد درجہ کی احتیاط اور باریک بینی سے کام لیا گیا جو اِس عظیم المرتبت مقام اور اْس کے احترام کا اظہار ہے جو اللہ کے گھر سے وابستہ ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، کعبٔ اللہ کے غْسل کے اہتمام کیلئے ہر چیز کو عین اْسی طرح مکمل کرنا ہوتا ہے جیسا کہ پہلے سے طے کیا گیا ہو۔ اسں میں 15 لیٹر آبِ زمزم، 15 لیٹر عرقِ گلاب، 15 لیٹر روغنِ گلاب اور 100 مِلی لیٹر عود کا تیل استعمال ہوتا ہے۔غلافِ کعبہ کی تبدیلی صرف تین گھنٹوں کے اندر مکمل ہوتی ہے۔غْسلِ کعبہ کی تیاری کے اِن تین بڑے مراحل میں پہلے بیت اللہ کو غْسل دیا جاتا ہے پھر اْسے خشبویات سے معطر کیا جاتا ہے جبکہ تیسرے مرحلے میں بخْور جلائے جاتے ہیں۔حرمینِ شریفین کی دیکھ بھال اور نگہداشت کی جنرل اتھارٹی نے کہا ہے کہ غْسلِ کعبہ کے ہر مرحلے پر پہلے سے طے شدہ طریقِ عمل کے عین مطابق کام کیا جاتا ہے جو اللہ کے گھر کے شایانِ شان اور مسلمانوں کے دلوں میں اِس جلیل القدر مقام کی انتہائی گہری عقیدت اور احترام کی عکاسی کرتا ہے۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ غسلِ کعبہ کیلئے جو اشیا درکار ہوتی ہیں اْن کا انتخاب بھی بہت دیکھ بھال سے اور جدید اور اعلٰی ترین معیار کے مطابق پہلے ہی سے کر لیا جاتا ہے۔