غلط اندازہ اسرائیل ایران تصادم کاباعث : امریکی میڈیا

   

واشنگٹن: امریکی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غلط اندازہ اسرائیل اور ایران کے درمیان تصادم بڑھنے کا باعث بنا۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل کو ایران کے اتنے بڑے پیمانے پر ردعمل کی توقع نہیں تھی، امریکی اور اسرائیلی حکام کا خیال تھا ایران کا ردعمل محدود ہوگا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی ہدف پر حملے سے چند لمحے قبل واشنگٹن کو کم درجے کی اطلاع دی تھی جس کے بعد امریکی اہلکاروں نے جیک سلیوان کو حملے کے سنگین نتائج کے خدشے سے فوری آگاہ کیا تھا۔نجی طور پر امریکہ نے مشورہ کیے بغیر حملہ کرنے پر اسرائیل پر غصے کا اظہار کیا تاہم ایرانی اہداف پر اسرائیلی حملے کے بعد عوامی سطح پر امریکہ نے اسرائیل کی حمایت کی۔رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے حملے کے بعد ایران نے عوامی اور سفارتی طور پر جوابی کارروائی کا عزم کیا، دوسری جانب ایران نے نجی طور پر پیغام بھیجا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ واضح جنگ نہیں چاہتا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران نے امریکہ پیغام پہنچانے کیلئے عمان، ترکیہ اور سوئٹزرلینڈ کو ثالث بنایا، امریکہ نے ایران پر واضح کیا وہ اس میں شامل نہیں ہے اور وہ جنگ نہیں چاہتا۔رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ، پاسداران انقلاب نے امریکہ کو پیغامات بھیجنے کیلئے عمانی حکومت کیلئے ہاٹ لائن کھلی رکھی، سوئس سفیر کو پاسداران انقلاب کے اڈے پر طلب کر کے امریکہ کو لڑائی سے دور رہنے کا پیغام بھجوایا گیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جوابی کارروائی پر ایران نے دوبارہ سخت اور بغیر وارننگ کے حملے سے خبردار بھی کیا ہے۔