غلط معلومات کا شاخسانہ: امریکہ کی ایرانی و روسی اداروں پر پابندیاں

   

واشنگٹن : امریکہ نے رواں برس انتخابات سے قبل غلط معلومات کے ذریعے امریکی ووٹرز کو نشانہ بنانے پر دو ایرانی اور روسی اداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق منگل کو امریکی محکمہ خزانہ کے حکام نے پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دونوں اداروں نے نومبر کے انتخابات سے قبل امریکیوں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی۔ امریکی خفیہ اداروں نے دونوں حکومتوں پر یہ الزام عائد کیا کہ وہ جعلی ویڈیوز، خبروں اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے غلط معلومات پھیلا رہی ہیں۔ یہ ووٹرز پر اثر انداز ہونے اور امریکی انتخابات پر اعتماد کو نقصان پہنچانے کے لیے ڈیزائن کی گئی تھیں۔حکام نے کہا ہے کہ ماسکو میں موجود روسی ادارہ سینٹر فار جیو پولیٹکل ایکسپرٹیز نے امریکی امیدواروں کے بارے غلط معلومات پھیلائیں اور مالی معاونت کی۔ ان میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی ڈیپ فیک ویڈیوز بھی شامل تھیں۔ادارے کے علاوہ پابندیاں اس کے ڈائریکٹر پر بھی لاگو ہوتی ہیں، جس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے روس کے ملٹری انٹیلی جنس ایجنٹوں کے ساتھ مل کر کام کیا، جو مغرب کے خلاف سائبر حملوں اور تخریب کاری کی نگرانی کرتے ہیں۔امریکی حکام نے بتایا کہ ایرانی ادارہ کاگنیٹیو ڈیزائن پروڈکشن سینٹر، سپاہ پاسداران انقلاب کا ذیلی ادارہ ہے جسے امریکہ نے ایک غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔