غیرموسمی بارش سے ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ ہوا، مرکزی وزارت امورصارفین

   

قیمتوں میں استحکام کیلئے تلنگانہ، اے پی کو فنڈس کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 27 نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزارت امور صارفین نے جمعہ کو کہا کہ مرکز نے پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ اسکیم کے تحت اشیائے ضروریہ کی آسمان کو چھوتی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے اے پی، تلنگانہ، آسام، اڈیشہ، ٹاملناڈو اور مغربی بنگال کو جملہ 164.15 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ اس اسکیم کے ذریعہ ریاستی سطح پر پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ پیدا کرنے کیلئے ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کو بلاسود ایڈوانس فراہم کئے جاتے ہیں۔ 50:50 شیرنگ اساس پر۔ وزارت کے مطابق پنجاب، اترپردیش، ہریانہ اور ہماچل پردیش میں غیرموسمی بارش کے باعث ملک میں ٹماٹر کی اوسط ریٹیل قیمت میں ستمبر 2021ء کے اختتام سے اضافہ ہورہا ہے۔ اس بارش کی وجہ فصل کو نقصان ہوا اور ان ریاستوں سے ٹماٹر کے آنے میں تاخیر ہوئی۔ نیز ٹاملناڈو، آندھراپردیش، تلنگانہ اور کرناٹک میں شدید بارش سے سپلائی متاثر ہوئی اور فصل کو نقصان بھی ہوا۔ شدید بارش کی وجہ ٹماٹر کی فصل کو نقصان ہوا اور سپلائی متاثر ہوئی جس کی وجہ اس کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا۔