آج سے سلاٹ بک کئے جاسکتے ہیں۔ بغیر سلاٹ کوئی رجسٹریشن نہیں ہوگا : چیف سکریٹری
حیدرآباد۔ ریاست میں غیر زرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن کا پیر 14 ڈسمبر سے آغاز ہوگا جس کیلئے کل 11 ڈسمبر جمعہ سے سلاٹ بکنگ کروانی ہوگی ۔ تلنگانہ ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت کو دھرانی پورٹل میں اندراجات کیلئے اصرار کے بغیر سابقہ طریقہ کار کے مطابق غیر زرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن کا آغاز کرنے کی اجازت دی تھی تاہم اس کیلئے صد فیصد پیشگی سلاٹ بکنگ کروانے کی ضرورت ہوگی ۔ ہائیکورٹ کی ہدایت کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کی ہدایت دی تھی ۔ چیف سکریٹری نے آج شام ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پیر 14 ڈسمبر سے رجسٹریشن شروع کرنے اور اس کیلئے 11 ڈسمبر جمعہ سے سلاٹ بک کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ درکار فیس اور ڈیوٹی کی مکمل ادائیگی کے بعد رجسٹریشن کے خواہش مند سلاٹ بک کرواسکتے ہیں۔ سلاٹ بکنگ کی سہولت کا 11 ڈسمبر سے آغاز ہوگا ۔ سلاٹ بکنگ کے بعد سب رجسٹرار کے دفاتر میں پیر 14 ڈسمبر سے الاٹ کردہ سلاٹ کے مطابق رجسٹریشن کا آغاز ہوجائے گا ۔ چیف سکریٹری نے اپنے احکام میں کہا کہ صرف سلاٹ بک کردہ افراد ہی اپنے متعلقہ سب رجسٹرار کے دفاتر کو مقررہ تاریخ اور وقت پر حاضر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سلاٹ بک کئے بغیر سب رجسٹرار دفاتر میں کوئی رجسٹریشن نہیں کیا جائیگا ۔ قبل ازیں ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راو نے آج ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے ریاستی چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر زرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن کو کل سے بحال کردیں جیسا کہ ہائیکورٹ نے کہا ہے ۔ تلنگانہ ہائیکورٹ نے حکومت پر واضح کردیا تھا کہ وہ شہریوں کے آدھار کارڈ ‘ ذات پات اور افراد خاندان کی تفصیلات پر اصرار کئے بغیر غیر زرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن کو بحال کرسکتی ہے ۔ رجسٹریشن کیلئے آن لائین سلاٹس بک کرنے ہونگے ۔ ہائی کورٹ نے دھرانی پورٹل کیلئے عوام سے آدھار ، کاسٹ اور دیگر نجی تفصیلات طلب کرنے پر حکم التواء جاری کرتے ہوئے قدیم طریقہ کار کے مطابق رجسٹریشن کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے اس سلسلہ میں آج شام احکام جاری کئے