غیر قانونی لے آوٹس کے خلاف خصوصی مہم

   

29 اپریل سے 10 مئی تک انعقاد۔ انہدامی کارروائی بھی ممکن
حیدرآباد۔26اپریل(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں تمام غیر قانونی لے آؤٹس کے خلاف 29اپریل سے 10مئی تک خصوصی مہم چلائی جائے اور ان تمام لے آؤٹس کے خلاف کاروائی کی جائے جو غیر قانونی فروخت کئے جا رہے ہیں۔ پرنسپل سیکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار آئی اے ایس نے آج تمام عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری رپورٹ تیار کرکے انہیں پیش کریں۔اروند کمار نے 10 مئی تک مہم کے بعد غیر قانونی لے آؤٹس میں انجام دی گئی تعمیرات کے خلاف بھی کاروائی کے احکام دیتے ہوئے کہا کہ جن غیر قانونی لے آؤٹس میںتعمیرات کی جا رہی ہیں ان میں انہدامی کاروائی سے گریز نہ کیا جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی لے آؤٹ میں جائیداد کی خرید سے قبل طمانیت حاصل کرلیں کہ وہ جہاں سرمایہ کاری کر رہے ہیں وہ منظورہ لے آؤٹ ہیں یا نہیں اگر منظورہ لے آؤٹ نہیں ہیں تو سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں موجود منظورہ لے آؤٹس کی فہرست HMDA کی ویب سائٹ www.hmda.gov.in پر موجودہیں اور ان کا مشاہدہ کرکے جائیداد خریدی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی لے آؤٹس میں جائیدادوں کی خریدی اور تعمیرات کے خلاف کاروائی کے ذمہ دار خود خریدار ہونگے اور محکمہ کو اختیار ہے کہ وہ غیر قانونی لے آؤٹس میں کی جانے والی تعمیرا ت کو منہدم کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائے۔