گروگرام۔گروگرام پولیس نے اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں ایک غیر قانونی ہتھیار بنانے والے یونٹ کا پردہ فاش کیا ہے اور اس سلسلے میں ماسٹر مائنڈ سمیت دو افراد کوگرفتارکیا ہے۔ حکام نے جمعہ کو اس کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔گرفتار افراد کی شناخت ابھیشیک عرف جیتو (30) کے طور پر کی گئی ہے ، جو ہاتھرس کا رہنے والا ہے اور25 سالہ سنیل جو کہ علی گڑھ کا رہنے والا ہے، جو اسلحہ فراہم کرتا ہے۔پولیس نے کہا کہ انہوں نے اتر پردیش میں یہ چھاپہ اس وقت مارا جب غیر قانونی ہتھیاروں کی تیاری سے متعلق کچھ تفصیلات ان کے ایک ساتھی ابھیشیک عرف گبرکے ذریعہ سامنے آئیں، جسے 19 مارچ کو گروگرام میں گرفتار کیاگیا تھا۔اس کے قبضے سے جملہ 25 دیسی ساختہ پستول برآمد ہوئے تھے۔ چھاپے کے دوران پولیس نے غیر قانونی اسلحہ فیکٹری سے بھاری تعداد میں کارتوس اور اسلحہ کے ساتھ اسلحہ بنانے کا سامان برآمد کر لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (کرائم) پریت پال سنگوان نے ا تر پردیش کے ہاتھرس میں ایک غیر قانونی اسلحہ فیکٹری کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔