غیر معلنہ برقی کٹوتی پر عہدیداروں کو معطل بھی کیا جائے گا: ریونت ریڈی

   

محکمہ برقی میں بی آر ایس کے وفادار عہدیدار حکومت کو بدنام کرنے کوشاں ۔چیف منسٹر کا اجلاس
حیدرآباد۔22فروری(سیاست نیوز) محکمہ برقی میں بی آر ایس کے دور حکومت میں تقررات پانے والے بی آر ایس کے وفادار عہدیدار کانگریس حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ریاست میں کسی بھی مقام پر 5 منٹ سے زیادہ برقی سربراہی میں خلل پیدا ہونے پر اس کی تحقیقات کروائی جائیں اور برقی سربراہی میں خلل کی تفصیلات پیش کی جائیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے علاوہ ریاست میں برقی سربراہی میں خلل اور کٹوتی کی شکایات پر برہمی کا اظہار کرکے کہا کہ حکومت کو بدنام کرنے کی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہو ں نے بتایا کہ بی آر ایس حکومت کے حامی عہدیدار و ملازمین برقی سربراہی میں خلل سے حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اوربعض گوشوں کی جانب سے منفی پروپگنڈہ کے ذریعہ حکومت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ چیف منسٹر نے برقی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست بھر میں بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں اور اگر کسی مقام پر برقی کٹوتی کی جاتی ہے تو ذمہ دار عہدیداروں کو معطل کرنے میں حکومت کوئی تامل نہیں کریگی۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت کو بدنام کرنے برقی کٹوتی کی شکایات مل رہی ہیں لیکن عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس منفی پروپگنڈہ کا جواب دیں اگر وہ جواب دینے میں ناکام ہوتے ہیں تو حکومت ان کے خلاف کاروائی کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔ چیف منسٹر نے ٹرانسکو اور جینکو کے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ موسم گرما کے پیش نظر درکار طلب اور موجود برقی کا جائزہ لے کر برقی سربراہی کو معیاری اور بلاوقفہ بنائے رکھنے کے اقدامات کریں۔ ریونت ریڈی نے عہدیدار وں سے کہا کہ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد ریاست میں عوامی حکمرانی کا دور شروع ہوچکا ہے اور عوامی شکایات کو دور کرنا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے۔ حکام نے چیف منسٹر کو بتایا کہ یکم فروری تا 13فروری ریاست میں جملہ 264.95ملین یونٹ برقی یومیہ سربراہ کی گئی ہے جبکہ سال گذشتہ اسی مدت کے دوران 242.44 ملین یونٹ برقی یومیہ سربراہ کی گئی تھی۔اسی طرح سال گذشتہ ماہ جنوری میں 230.54 ملین یونٹ برقی سربراہ کی گئی تھی جبکہ جاریہ سال جنوری میں 243.12 ملین یونٹ برقی سربراہی عمل میں لائی گئی۔3