غیر موسمی بارش سے شہر کے کئی علاقوں میں پانی اور برقی گُل

   

55 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ، بلدی عملہ سے پانی کی نکاسی
حیدرآباد۔19اپریل (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں گذشتہ شب تیز ہواؤں ‘ گرج اور چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے سبب کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے اور شہر کی کئی اہم سڑکوں پر صبح کی اولین ساعتوں تک مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عملہ کو پانی کی نکاسی کے اقدامات میں مصروف دیکھا گیا۔ شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں رات کے اوقات میں ہونے والی بے موسمی بارش کے متعلق محکمہ موسمیات کی جانب سے فراہم کی گئی تفصیلات میں یہ بات بتائی گئی ہے کہ شہر میں رات کے اوقات جملہ 55ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے اورشہر کے کئی مقات پر نشیبی علاقوں کے علاوہ اہم سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی مقامات پر تیز ہواؤں سے بورڈس اکھڑ کرگرجانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فراہم کی گئی اطلاعات کے مطابق بنجارہ ہلز روڈ نمبر 10 پر درخت گرنے کے واقعہ کے علاوہ شہر کے کئی مقامات پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی جس کی یکسوئی کے فوری اقدامات کئے گئے ۔جی ایچ ایم سی کے خصوصی عملہ ڈی آر ایف نے شہر کی کئی سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی کے رات بھی اقدمات کئے اور دن میں بھی پانی کی نکاسی کا عمل جاری رہا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے گذشتہ دو یوم سے جاری کی جانے والی پیش قیاسیوں کو دیکھتے ہوئے جی ایچ ایم سی نے دو یوم سے اپنے عملہ کو متحرک رہنے کی ہدایت جاری کی تھی جس کے نتیجہ میں موسلادھار ‘ گرج اور چمک کے ساتھ بارش کے باوجود کسی قسم کے کوئی بھاری نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔بتایاجاتا ہے کہ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے ایمرجنسی عملہ کو متحرک رہنے کے علاوہ شکایت کی فوری یکسوئی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جائے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال پر فوری کاروائی کو یقینی بنایاجاسکے۔