غیر موسمی بارش کے متاثرہ کسانوں کو فی ایکر 10 ہزار روپئے کی امداد

   

ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ کا متاثرہ علاقوں میں دورہ، بی آر ایس پر جھوٹی ہمدردی کا الزام
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ اور حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے آج کاما ریڈی ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے گزشتہ دنوں غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کے نتیجہ میں فصلوں کو بھاری نقصانات کا جائز ہ لیا ۔ ریاستی وزیر نے کسانوں کو تیقن دیا کہ عہدیداروں کے ذریعہ نقصانات کا جائزہ لینے کے بعد حکومت کی جانب سے ہر ممکن امداد دی جائے گی۔ جوپلی کرشناراؤ نے بھکنور منڈل کے موسیٰ پلی ، جنگم پلی اور دوم کنڈہ علاقوں میں کھیتوں میں پہنچ کرکسانوں سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کسانوں اور زرعی مزدوروں سے نقصانات کے بارے میں تفصیلات حاصل کرتے ہوئے کہاکہ سابق حکومت میں کسانوں کی بھلائی کو فراموش کردیا تھا لیکن کانگریس موافق کسان حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر موسمی بارش کے نتیجہ میں 6 سے زائد اضلاع میں کھڑی فصلوں کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔ جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ کسانوں کو فی ایکر 10,000 روپئے امدادی قیمت فراہم کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ عہدیداروں کو سروے کا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی بھلائی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو قرض کے بوجھ سے نجات دلانے کی حکمت عملی تیارکر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رعیتو بندھو اسکیم کے تحت ایسے کسانوںکو امداد جاری کردی گئی ہے جو 3.5 ایکر اراضی کے مالک ہیں۔ 5 ایکر اراضی رکھنے والے کسانوں کو اندرون ایک ہفتہ امدادی رقم جاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ان کی پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس قائدین کسانوں سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں تاکہ کانگریس حکومت کو بدنام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 10 برسوں تک بی آر ایس قائدین کو کسانوں کی بھلائی کا خیال نہیں آیا اور اقتدار سے محرومی کے بعد کسانوں کے حق میں مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ 1