فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ،محفوظ وقت میں اضافہ

   

میلبورن ۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل فیصلہ کن بنانے کے لیے کھیل کے قواعد میں تبدیلی کردی گئی۔ ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے شق 13.7.3 میں تبدیلی کردی جس کے بعد محفوظ دن پر اضافی وقت کی گنجائش کو 2 سے بڑھا کر 4 گھنٹے کردیا گیا ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس ضمن میں کہا ہے کہ پوری کوشش ہوگی کہ میچ اتوارکو ہی مکمل ہوجائے، محفوظ دن پر مقابلہ پیرکو دن 3 بجے شروع کیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق اتوارکو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان میچ بارش سے متاثر ہونیکا خدشہ ہے جبکہ اگلے دن پیر کو بھی میلبورن میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل اتوارکو میلبورن میں مقرر ہے۔ دریں اثناء ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کا انعقاد یقینی بنانے اور اسٹیڈیم کو بارش سے بچانے کے لیے گراؤنڈ اسٹاف سرگرم ہے۔ رپورٹس کے مطابق گہرے بادل میلبورن گراؤنڈ کے اطراف موجود ہیں، جس کے باعث گراؤنڈ کی پچ کو ڈھانک دیا گیا ہے۔ میلبورن گراؤنڈ کے اطراف میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوارکو 15 سے 25 ملی میٹر جبکہ پیرکو 10 سے 15 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ میلوبرن میں اتوار کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا جانا ہے۔