ریجنل رنگ روڈ پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کی تردید، قائد اپوزیشن کے سی آر کی خاموشی معنی خیز
حیدرآباد 2 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی نے کہاکہ فلم اسٹار الو ارجن کی گرفتاری کے ذریعہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حکومت کی غیر جانبداری اور قانون کی حکمرانی کا ثبوت دیا ہے۔ فلم اسٹار کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ریونت ریڈی کی ستائش کی جارہی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ بعض چیف منسٹرس اپنی بدعنوانیوں کے ذریعہ عوام میں متعارف ہوئے جبکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جرأت اور حوصلے کے مظاہرہ کے ذریعہ عوام میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ فارمولہ ای ریس مقدمہ کے بارے میں بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کے حکومت پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے کہاکہ اگر کے ٹی آر بے قصور ہیں تو اُنہیں تحقیقات کا سامنا کرتے ہوئے ثابت کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ کے ٹی آر خود تسلیم کررہے ہیں کہ اُنھوں نے فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں غلطی کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تحقیقات سے بچنے کے بجائے کے ٹی آر تحقیقاتی عہدیداروں سے رجوع ہوکر خود کو بے قصور ثابت کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریجنل رنگ روڈ پراجکٹ کے بارے میں کے ٹی راما راؤ گمراہ کن بیانات دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی مؤثر نمائندگی کے بعد مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے ریجنل رنگ روڈ کے ٹنڈرس کو منظوری دی۔ اُنھوں نے کہاکہ پراجکٹ کی تکمیل کے لئے مرکز سے تعاون ضروری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت شفافیت کے ساتھ کام کرنے پر یقین رکھتی ہے اور پراجکٹ کے سلسلہ میں کسی بھی معاملہ کو پوشیدہ نہیں رکھا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر دور حکومت میں ہر پراجکٹ کے تخمینہ میں اضافہ کرتے ہوئے کمیشن حاصل کئے گئے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس ایک ذمہ دار اپوزیشن کا رول ادا کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ کرن کمار ریڈی نے اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوششوں کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ ایک مضبوط اپوزیشن رہے تاکہ حکومت کی اسکیمات پر نظر رکھی جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر کو قائد اپوزیشن کی ذمہ داری عوام نے دی ہے لیکن وہ عوامی مسائل پر خاموش ہیں۔ اُنھوں نے کے ٹی آر، کویتا اور ہریش راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی کو تعمیری اپوزیشن کے طور پر تیار کریں۔ بی آر ایس دور حکومت میں پارٹی کارکنوں کو سرکاری اسکیمات سے استفادہ کا موقع فراہم کیا گیا۔ رعیتو بھروسہ اسکیم پر اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ کابینی سب کمیٹی مکمل شفافیت کے ساتھ اسکیم پر عمل آوری کی خواہاں ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر نتن گڈکری سے تلنگانہ کے اہم پراجکٹس پر نمائندگی کی۔ مرکزی وزیر نے ریجنل رنگ روڈ پراجکٹ کی تکمیل کے لئے ریاستی حکومت کو اراضی حصول کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ریجنل رنگ روڈ پراجکٹ میں بدعنوانیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ بی آر ایس دور حکومت میں رعیتو بندھو اسکیم کے 22 ہزار کروڑ غیر مستحق افراد میں تقسیم کئے گئے۔ فارمولہ ای ریس معاملہ میں کے ٹی آر روزانہ بیان بدل رہے ہیں۔ ایک مرتبہ اُنھوں نے لاتعلقی کا اظہار کیا تو دوسرے دن اُنھوں نے عہدیداروں کو بے قصور قرار دیا۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہاکہ اخباری بیان بازی کے بجائے کے ٹی آر کو تحقیقات کا سامنا کرتے ہوئے خود کو بے قصور ثابت کرنا چاہئے۔ 1