فارمولہ ای کار ریس معاملے میں ای ڈی سے نوٹس وصول ہونے کا اعتراف

   

2024 بی آر ایس کے لیے ناساز سال ، 2025 شاندار رہے گا ، کے ٹی آر کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے فارمولہ ای کار ریسنگ کیس میں انہیں ای ڈی سے نوٹس وصول ہونے کا اعتراف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں کوئی دم نہیں ہے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو بھی اس کا علم ہے ۔ اے سی بی کے ایف آئی آر غلط ہونے کی وجہ سے اس کو کواش کرنے کے لیے میں نے ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کیا ہے ۔ ہائی کورٹ کیا فیصلہ کرتا ہے منگل کو معلوم ہوجائے گا ۔ تلنگانہ بھون میں آج میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ ہرگز خوفزدہ نہیں ہے قانونی طور پر ان مقدمات کا سامنا کریں گے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ میڈیا میں کچھ اس طرح کی خبریں آرہی ہیں کہ میں نے اپنا موقف تبدیل کرلیا ہے ۔ اس میں کوئی سچائی نہیں ہے ۔ ابتداء سے جو موقف پر برقرار رکھا تھا آج بھی اس پر قائم ہوں ۔ بحیثیت وزیر میں نے رقم ادا کرنے کی ہدایت دی ۔ طریقہ کار اختیار کرنے کی ذمہ داری عہدیداروں کی ہے ۔ اگر طریقہ کار غلط تھا تو الیکشن کمیشن اور آر بی آئی سے اس وقت کیوں رجوع نہیں ہوئے استفسار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ادا کئے گئے ہر پیسہ کا حساب ہے ۔ جنہیں فنڈز وصول ہوئے ان کے خلاف مقدمہ کیوں درج نہیں کیا گیا ؟ سوال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سال کے اواخر میں بی آر ایس کے کیڈر میں کافی جوش و جذبہ نظر آرہا ہے ۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر بیرونی ممالک کے دورے پر ہونے یا ہمیشہ فارم ہاوز پر آرام کرنے کے الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ سابق چیف منسٹر ریاست اور ملک کی سیاست پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ عوام کے درمیان کب پہونچیں گے وہی اس کا فیصلہ کریں گے ۔ 24 سال تک کے سی آر نے محنت کی اب آرام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2024 بی آر ایس کے لیے تھوڑا ناساز ضرور ہے مگر 2025 میں بی آر ایس پارٹی کے لیے شاندار رہے گا ۔ وعدوں کی عمل آوری میں ریونت ریڈی حکومت ناکام ہوگئی ہے ۔ وعدوں پر عمل آوری کے لیے جو تواریخ مقرر کی گئی تھی وہی کانگریس حکومت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئی ہیں ۔ سال 2025 میں بی آر ایس کو تنظیمی طور پر مستحکم کیا جائے گا ۔۔ 2