فاسفورس بم استعمال کئے جانے ہیومن رائٹس کی تصدیق

   

نیویارک : ہیومن رائٹس واچ (HRW) نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ اور لبنان میں اپنی فوجی کارروائیوں میں سفید فاسفورس کا استعمال کیا۔ HRW کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X اکاؤنٹ پر دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ اور لبنان میں اپنی فوجی کارروائیوں میں سفید فاسفورس کا استعمال کیا، جس سے شہریوں کو شدید اور طویل مدتی چوٹ کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سفید فاسفورس ناقابل برداشت جلنے کا باعث بنتا ہے اور گھروں کو آگ لگا سکتا ہے، اور اس بات پر زور دیا گیا کہ گنجان آباد علاقوں میں سفید فاسفورس کا استعمال خلاف قانون ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ کے X سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف بین الاقوامی سطح پر ممنوعہ سفید فاسفورس استعمال کررہا ہے۔ لبنانی حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ سرحد کے جنوب میں دحیرہ قصبہ کے سامنے واقع اسرائیلی فوجی پوزیشن کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ لبنان کی سرکاری ایجنسی این این اے کی خبر میں بتایا گیا ہے کہ میزائل داغے جانے کے کچھ ہی دیر بعد دحیرہ کے اطراف کے علاقہ کو توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا اور یارین قصبہ کے ارد گرد کے علاقہ کو فاسفورس بموں سے نشانہ بنایا گیا۔
حماس کے عسکری ونگ، قسام بریگیڈز نے ہفتہ کے روز اعلان کیا کہ اس نے اسرائیل پر “اقصیٰ طوفان ” کے نام سے ایک جامع حملہ کیا ہے اور غزہ سے اسرائیل کی طرف ہزاروں راکٹ فائر کیے گئے ہیں اور مسلح گروپ علاقہ کی بستیوں میں داخل ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے یہ بھی اعلان کیا کہ اس نے جنگی طیاروں سے غزہ کی پٹی کے خلاف آہنی تلواروں کا آپریشن شروع کیا ہوا ہے۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی میں دونوں طرف سے سینکڑوں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔