’فانی‘ سے بنگلہ دیش میں 14 اموات‘ 63 افراد زخمی

,

   

کئی سو مکانات تباہ ۔ زیادہ تر مقامات پر بارش جاری ۔ 1.6 ملین افراد کی محفوظ تر مقامات کو منتقلی
ڈھاکہ ، 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں شدید طوفان ’فانی‘ کے سبب ہونے والی تباہی میں ہفتہ کو کم از کم 14 افراد فوت اور 63 دیگر زخمی ہوگئے۔ ایک روز قبل اس طوفان نے پڑوسی ہندوستان میں تباہی مچائی تھی۔ بنگلہ دیشی حکام نے کہا کہ زائد از 1.6 ملین افراد کو محفوظ تر مقامات کو منتقل کیا گیا جبکہ تقریباً 36 دیہات سیلاب کی زد میں آگئے اور ملک کے ساحلی علاقوں میں طوفان نے کئی پشتوں کو توڑ دیا ہے۔ ڈھاکہ ٹربیون نے رپورٹ دی کہ اموات کی اطلاعات آٹھ اضلاع سے موصول ہوئیں جن میں نواکھلی، بھولا اور لکشمی پور شامل ہیں جو سائیکلون سے بدترین متاثرہ مقامات ہیں۔ متوفیوں میں 2 سالہ لڑکا اور چار خواتین بھی شامل ہیں۔ اخبار کی اطلاع کے بموجب ضلع نواکھلی میں ایک نابالغ فوت ہوا اور اسی فیملی کے کئی دیگر ارکان زخمی ہوئے جب ان کا گھر طوفان کے دوران اُن پر گرپڑا۔ علاوہ ازیں، 30 دیہاتی بھی زخمی ہوئے۔ طوفان نے مجموعی طور پر سینکڑوں مکانات کو تباہ کیا ہے۔ ضلع لکشمی پور میں 70 سالہ انورہ بیگم طوفان کی سبب مکان گرنے سے فوت ہوگئیں۔ ہواؤں کے تیز جھکڑوں کے ساتھ آئے طوفان نے ملک کے ساحلی اضلاع کو شدید متاثر کیا اور کئی سو مکانات تباہ کئے۔ ’ڈیلی اسٹار‘ کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے کئی حصوں میں آسمان بدستور ابرآلود ہے اور جمعہ سے ملک بھر میں بارش اور گرج و چمک کے بونداباندی نیز تیز ہوائیں جاری ہیں۔
طوفان شروع ہوتے ہی ملک کے کئی علاقوں سے برقی اور انٹرنٹ کنکشن میں خلل پیدا ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مشکل موسمی حالات نے حکام کو ابھی تک متعدد پروازیں منسوخ کرنے اور بعض دیگر میں تاخیر کرنے پر مجبور کیا ہے۔