فخر زمان کے ٹی20 میں 100چھکے مکمل

   

راولپنڈی، 14اکتوبر (یواین آئی) پاکستان کے تجربہ کار اوپنر فخر زمان نے سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے مردوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 100چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بیٹر کا اعزاز حاصل کرلیا۔36 سالہ فخر زمان نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے فاسٹ بولر بنورا فرنینڈوکی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر چھکا لگا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ میچ سے قبل فخر زمان کے نام 99 چھکے تھے اور انہیں100 چھکوں کا ہندسہ مکمل کرنے کے لیے صرف ایک چھکے کی ضرورت تھی۔ تاہم اس تاریخی سنگ میل کے بعد وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور12رنز بناکر ایشان ملنگا کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔فخر زمان کی انفرادی کامیابی کے باوجود پاکستان کو میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کوشال مینڈس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔