پیرس : پیرس کے اپیل کورٹ نے جمعرات کو اس عسکریت پسند کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا جس نے اگست 2015 میں شمالی یورپ سے گزرنے والی ایک تیز رفتار ٹرین پر فائرنگ کی تھی لیکن اس سے قبل کہ کوئی مسافر اس کی فائرنگ کی زد میں آتا، تین امریکیوں نے اس پر قابو پا لیا تھا۔ایوب الخزانی نے تھیلیز ٹرین پر اس وقت حملہ کیا جب وہ بلجیم سے فرانس میں داخل ہو رہی تھی۔ حملے کے وقت وہ بھاری ہتھیاروں سے مسلح تھا۔پیرس کی ایک عدالت نے دسمبر 2020 میں ایوب الخزانی کو دہشت گردی کی نیت سے قتل کی کوشش کا مجرم قرار دیا تھا۔ اپیل کورٹ نے نچلی عدالت کے فیصلے اور عمر قید کی توثیق کی ہے اور کہا کہ مجرم کم از کم 22 سال جیل میں گزارے گا اور اس دوران اسے پیرول بھی نہیں ملے گا۔تھیلیز ٹرین پر ایک ایسے وقت میں حملہ ہوا جب پیرس دہشت گردوں کے نشانے پر تھا۔ اس واقعہ کے 7 ماہ پہلے پیرس کے رسالے چارلی ہیبڈو پر حملہ ہوا تھا۔ اس رسالے پر پیغمبر اسلام کے گستاخانہ خاکے شائع کرنے کا الزام تھا۔ اسی عرصے میں فرانس کی ایک کوشر سوپر مارکٹ بھی اسلامی عسکریت پسندوں کے حملوں کا ہدف بنی تھی۔