فرض شناس مسلم رکشہ ڈرائیور نے ڈاکٹر کا بیگ واپس کیا

   

ناندیڑ ۔ 13 مئی (یو این آئی) ناندیڑ میں منگل کی صبح 10:30 بجے ایک مثالی ایمانداری کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک فرض شناس رکشہ ڈرائیور شیخ کریم شیخ چاند نے ایک مسافر کا بھولا ہوا بیگ واپس کر کے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ روزمرہ کی طرح کوٹھا کے نئے بس اسٹیشن سے ریلوے اسٹیشن تک مسافروں کو لے جاتے وقت، رکشہ میں سفر کرنے والے لاتور کے رہائشی ڈاکٹر سوپان کوہلے اپنا ایک بڑا بیگ رکشے میں بھول گئے تھے ۔ جب شیخ کریم گھر پہنچے تو انہیں بیگ رکشے میں رکھا ہوا نظر آیا۔ انہوں نے فوراً اپنے ساتھی رکشہ ڈرائیور شیخ شاہ رخ سے رابطہ کیا، جنہوں نے ٹائیگر آٹو یونین کے صوبائی صدر احمد (بابا) سے اس معاملے پر بات کی۔ صدر صاحب نے صورتحال کی مکمل جانکاری لینے کے بعد بتایا کہ بیگ ریلوے اسٹیشن پر ہی رہ گیا ہے اور ڈاکٹر کوہلے گنگا نگر ایکسپریس سے متھرا روانہ ہو چکے ہیں۔
بیگ میں نئے کپڑے ، بچوں کے کپڑے ، دوائیں اور دیگر اہم اشیاء موجود تھیں، جنہیں فوری طور پر ریلوے اسٹیشن پہنچا کر بحفاظت ڈاکٹر کوہلے کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈاکٹر سوپان کوہلے رہائشی لاتور، نے شیخ کریم، شیخ شاروخ اور احمد بابا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کی ایمانداری و فوری کارروائی کی تعریف کی۔ اس واقعہ نے ایک بار پھر ناندیڑ کے رکشہ ڈرائیوروں کی انسانیت نوازی اور فرض شناسی کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا ہے ۔