فروری تک اساتذہ کے تقررات مکمل کرلیں: سپریم کورٹ

   

تلنگانہ اور آندھراپردیش کو ہدایت، مارچ میں مقدمہ کی سماعت مقرر
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے آندھراپردیش اور تلنگانہ حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ فروری کے اواخر تک ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات مکمل کرلیں۔ دونوں ریاستوں میں اساتدہ کے تقررات میں تاخیر کی شکایت کرتے ہوئے داخل کی گئی درخواست کی آج عدالت عظمیٰ نے سماعت کی ۔ تلنگانہ حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریاست میں تقررات کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور اس سلسلہ میں دستاویزات کو پیش کرنا باقی ہے۔ وکیل نے بتایا کہ ہائی کورٹ میں زیر التواء بعض مقدمات کے سبب کچھ عہدوں پر تقررات ابھی باقی ہیں۔ آندھراپردیش حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آندھراپردیش میں بی ایس سی امتحانات منعقد کئے گئے اور فروری کے اواخر تک تقررات مکمل کرلئے جائیں گے۔ سپریم کورٹ نے تقررات کا عمل فروری کے ختم تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت مارچ کے پہلے ہفتہ میں مقرر کی ہے۔ دونوں ریاستوں میں اساتذہ کے تقررات سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل آوری نہ کرنے کی شکایت کرتے ہوئے جے کے راجو اور وینکٹیش نامی افراد نے رٹ پٹیشن داخل کی تھی۔