فسادات، قتل عام کے ذریعے مودی کا سیاسی وجود مضبوط ہوا : ممتا بنرجی

,

   

وزیراعظم کو سپاہیوں اور شہیدوں کے نام پر ووٹ مانگنے پر شرم آنی چاہئے، ہٹلر زندہ ہوتا تو مودی کی حرکتوں پر خودکشی کرلیتا، چیف منسٹر مغربی بنگال کا خطاب

رائے گنج ؍ اسلام پور (مغربی بنگال)، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو تشدد اور فسادات کے ذریعے سیاست میں شامل کیا گیا، چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج یہ بات کہی اور دعویٰ کیا کہ اگر مودی کی حرکتیں اڈالف ہٹلر نے دیکھی ہوتی تو وہ خودکشی کرلیتا۔ یہاں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے خلاف بڑی قدیم پارٹی مضبوط لڑائی لڑنے میں ناکام ہوئی جو زعفرانی پارٹی کی ترقی کا موجب بنی۔ انھوں نے کہا کہ مودی کو سیاست میں فسادات اور قتل عام کے ذریعے لایا گیا۔ وہ فسطائی طاقتوں کا سرغنہ ہے۔ اگر اڈالف ہٹلر زندہ ہوتا تو وہ مودی کی سرگرمیوں کو دیکھ کر خودکشی کرلیا ہوتا۔ چیف منسٹر نے یہ استدلال بھی پیش کیا کہ کانگریس اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دینے میں کامیاب نہیں ہوگی۔ چونکہ کانگریس نے بی جے پی کے خلاف ٹھوس لڑائی نہیں لڑی، اس لئے زعفرانی پارٹی کی طاقت بڑھتی چلی گئی۔ ممتا بنرجی نے بیان کیا کہ راہول گاندھی زیرقیادت پارٹی اگر مرکز میں حکومت تشکیل دیناچاہتی ہے تو اسے دیگر پارٹیوں سے مدد حاصل کرنی پڑے گی۔ ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ مودی کو بے دخل کرنے کیلئے ہر ریاست میں اتحاد بنائے گئے ہیں۔ جب مودی کو رائے دہی کے ذریعے اقتدار سے بے دخل کردیا جائے گا، تب ہم تمام مل کر نئے ہندوستان کی تعمیر کیلئے کام کریں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ٹی ایم سی نے فرقہ پرستی کے خلاف اپنی لڑائی میں کبھی مفاہمت نہیں کی ہے۔ ضلع اُتر دیناجپور کے اسلام پور میں ایک اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے وزیراعظم مودی کی گزشتہ پانچ سال میں ایودھیا میں رام مندر تعمیر کرنے میں ناکامی پر مضحکہ اُڑایا اور اُن پر تنقید کی کہ وہ سپاہیوں اور شہیدوں کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں۔ مسلح افواج کا تعلق ہر ایک ہندوستانی سے ہوتا ہے اور مودی اور بی جے پی کو فورسیس کو اپنی جاگیر نہیں سمجھنا چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ ملک میں ہر مذہب کا احترام کرتی ہیں۔ تاہم مودی اور ان کی پارٹی مذہب اور مذہبی عبادتگاہوں کے نام پر بھی سیاست کررہے ہیں۔ گزشتہ پانچ سال میں وہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر نہیں کرسکے۔ لیکن جب کبھی الیکشن قریب آتا ہے تو وہ اس مسئلہ کو گرماتے ہیں۔ عوام احمق نہیں ہیں۔ آپ ان کو ہر بار بے وقوف نہیں بناسکتے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے کہا کہ مودی کو فوجیوں اور شہیدوں کے نام پر ووٹ مانگتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ ’’وہ اب شہیدوں اور جوانوں کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں جیسے کہ آرمی اُن ہی کی ہے، جیسے کہ وہ اُن کی جاگیر ہے۔ مسلح افواج کا ہر کسی سے تعلق ہے۔ یہ ہمارے فخر کی علامت ہے۔ ان (مودی) کو پہلے یہ جواب دینا چاہئے کہ پلوامہ میں اس طرح کے حملے کی انٹلیجنس اطلاعات کے باوجود اتنی تعداد میں جوان کیوں کر ہلاک ہوگئے؟ نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ کا مہابھارت کے دریودھن اور دوشاسن سے تقابل کرتے ہوئے چیف منسٹر بنرجی نے دعویٰ کیا کہ وہ ملک کی آزادی چھین لینے کی کوشش کررہے ہیں۔