فسطائی طاقتوں کو ہرانے کیلئے مصنفین کی چار تنظیموں کی اپیل

   

نئی دہلی۔ 9 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )ملک کی چار اہم مصنفوں کی تنظیموں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بار لوک سبھا الیکشن میں فرقہ پرست اور فسطائی طاقتوں کو ہرائیں۔ جن وادی لیکھک سنگھ، انجمن ترقی پسند مصنفین،جن سنسکرتی منچ اور دلت لیکھک سنگھ نے منگل کو یہاں جاری مشترکہ بیان میں یہ اپیل جاری کی۔ قبل ازیں تقریباً سیکڑوں مصنف، ڈراما آرٹسٹ اور فلمی اداکاروں نے بھی الگ الگ بیان جاری کرکے اس طرح کی اپیل کی ہے ۔ مصنفین کی تنظیموں نے جاری ایک پریس ریلیز میں الزام عائد کیا کہ یہ پانچ سال ملک کی تاریخ میں ایک برے خواب کی طرح یاد کئے جائیں گے ۔ ان برسوں میں سنگھ کی آئیڈیالوجی والے حکمرانوں نے ہٹلر اور مسولینی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کو نفرت کی آگ میں جھونک دیا۔ اس منووادی مودی حکومت نے تعلیم، ثقافت اور صحت سے متعلق منصوبوں اور پروگراموں کے بجٹ میں تخفیف کی۔ معیشت چوپٹ ہو گئی اور بے روزگاری مزید بڑھ گئی۔