فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ہندوستانی ناظم الامور کی طلبی

   

اسلام آباد : پاکستان نے ہندوستانی حدود سے ’نامعلوم سپر سونک شے‘ کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج درج کرایا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اسلام آباد میں ہندوستانی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور نامعلوم چیز کے ذریعہ ملکی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ واقعات ہندوستان کی جانب سے فضائی حفاظت کو نظر انداز کرنے اور علاقائی امن و استحکام کے تئیں بے حسی کے بھی عکاس ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ ہم واقعہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں جس کے نتائج سے پاکستان کو بھی آگاہ کیا جائے۔جمعرات کو راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 9مارچ کو ایک چیز انڈیا سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئی۔ پاکستان ائیرفورس نے اس کی مکمل مانیٹرنگ گی۔