فلسطینی صحافی معتز عزیز ’ٹائم میگزین‘کی100 بااثر شخصیات میں شامل

   

یروشلم : معروف امریکی جریدے ’ٹائم میگزین‘ نے 25 سالہ نامور فلسطینی صحافی معتز عزیزہ کو 2024 کے 100 سب سے بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل کرلیا جو غزہ میں جنگ کے دوران فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھا رہے ہیں۔ٹائم میگزین ہر سال بااثر شخصیات کی فہرست شائع کرتا ہے، جس میں دنیا بھر کی سیاسی، سماجی، شوبز، اسپورٹس، ٹیکنالوجی اور بزنس سے متعلق شخصیات سمیت دیگر شعبہ ہائے جات سے منسلک افراد کو ان کی نمایاں خدمات کی بدولت شامل کیا جاتا ہے۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 33 ہزار 899 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں اور 76 ہزار 664 زخمی ہوچکے ہیں، خیال کیا جارہا ہے کہ شہید اور زخمیوں کی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہوسکتی ہے۔غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ اس وقت شروع ہوئی جب 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل کے قصبے پر اچانک حملہ کردیا تھا جس میں ایک ہزار 170 اسرائیلی شہریوں سمیت فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔6 ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے دوران کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کی رپورٹ کے مطابق 100 صحافی اور میڈیا ورکرز، جن میں اکثریت فلسطینیوں کی ہے، مارے جاچکے ہیں۔کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کا کہنا ہے کہ غزہ میں صحافیوں کو خاص طور پر شدید خطرات کا سامنا ہے کیونکہ وہ اسرائیلی زمینی حملے کے دوران غزہ میں ہونے والی تباہی کو دنیا تک پہنچا رہے ہیں۔ان سب کے درمیان معتز عزیزہ نے 100 دنوں سے زائد عرصے تک غزہ کی تباہ کاری، زخمی بچوں، خواتین، انسانی بحرانوں اور شہر کی اصل کہانی ویڈیو اور تصاویر کے ذریعے دنیا تک پہنچائی تھیں، جس کے بعد انہیں غزہ کا ہیرو بھی کہا جانے لگا۔