مستقل جنگ بندی اور فلسطین پر اسرائیلی قبضہ ختم پیپلز لیٹریری اینڈ کلچرل فورم کا مطالبہ
نئی دہلی : آل انڈیا پیپلز لیٹریری اینڈ کلچرل فورم نے ہفتہ /13 جنوری کو فلسطین کیلئے گلوبل ایکشن ڈے میں سرگرمی سے حصہ لینے کی عوام و خواص سے اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کے خلاف جنگ مستقل طور پر بند کی جائے ، غزہ کامحاصرہ ختم کیا جائے اور فلسطین پر اسرائیل کے 75 سالہ قبضہ کا بھی خاتمہ کیا جائے ۔ جنرل سکریٹری کے روی بابو نے ایک بیان میں بتایا کہ غزہ پر اسرائیل کے ظالمانہ حملے کے 99 دن ہوچکے ۔ دنیا بھر کی امن پسند تنظیمیں /13 جنوری کو فلسطین کی خاطر عالمی یوم عمل کا اہتمام کررہی ہے جس کے تحت 6 براعظموں میں کم از کم 36 ملکوں کے لگ بھگ 66 شہروں میں زبردست ریالیاں نکالی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے ناقابل بیان تباہی برپا کررہے ہیں جس کی ماضی قریب میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ اسرائیل نے اب تک 30 ہزار بم گراتے ہوئے غزہ میں اوسطاً روزانہ 300 افراد کو ہلاک کیا ہے ۔ غزہ کے گھروں کی تقریباً 70 فیصد تعداد پوری طرح یا جزوی طور پر تباہ ہوچکی ہے ۔ یہ بوسٹن ہیلسنکی ، رورٹر ڈم اور لیڈز جیسے شہروں کے تباہ و برباد ہوجانے کے مماثل ہے ۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی نصف آبادی کو فاقہ کشی کا خطرہ ہے ۔ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن کی رپورٹ ہے کہ اسرائیلی حملوں اور اس کے محاصرے کے نتیجہ میں بیماریاں پھیل رہی ہیں جو آنے والے وقت میں اسرائیلی بموں سے کہیں زیادہ تعداد میں لوگوں کو ہلاک کرسکتی ہے ۔ لہذا تمام امن پسند دنیا کی ذمہ داری ہے کہ بہادر فلسطینیوں کی خاطر اسرائیل کے ظلم کیخلاف آواز اٹھائیں ۔