فلمی ادا کار پرکاش راج سو نم وانگچک کی بھوک ہڑتال میں شامل

,

   

لداخ کو ریاستی درجہ دینے اور چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کا مطالبہ
سری نگر: بالی ووڈ کے معروف ادا کار پرکاش راج منگل کے روز لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع ضلع لیہہ میں معروف ماہر ماحولیات سو نم وانگچک کی بھوک ہڑتال میں شامل ہوئے اور وہاں اپنا 59 ویں جنم دن منایا۔ بتادیں کہ سونم ونگچک لداخ کے ریاستی درجے اور لداخ کو آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے مطالبے پر بھوک ہڑتال پر ہیں۔ وہ ماحولیات کو درپیش خطرات کے لئے بھی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ بالی ووڈ ادا کار پرکاش راج منگل کے روز لیہہ پہنچ کر اس کے بھوک ہڑتال میں شامل ہوئے ۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ونگچک صرف لداخ کے لئے نہیں بلکہ ملک کے لئے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوئی الیکشن نہیں لڑ رہے ہیں بلکہ ماحولیات کو بچانے کے لئے لڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ ہم سب اس کے ساتھ کھڑے ہوں۔ قابل ذکر ہے کہ سونم وانگچک قریب تین ہفتوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ اپنی بھوک ہڑتال کے اکیسویں دن انہوں نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میرے کلائیمیٹ فاسٹ کا 21 واں دن، 350 سو لوگ یہاں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں سوئے ،دن میں یہاں 5 ہزار لوگ جمع ہوئے لیکن پھر بھی حکومت نے کوئی بات نہیں کی۔ انہوں نے اپنے پوسٹ میں مزید کہا کہ ہمیں ملک میں دور اندیش اور دیانتدار سیاست دانوں کی ضرورت ہے اور مجھے امید ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی اور وزیر داخلہ امیت شاہ جی بہت جلد ثابت کریں گے کہ وہ دور اندیش سیاست داں ہیں۔